کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں بڑھتی ہوئی چوری، ڈکیتی،راہزنی، سٹریٹ کرائمز کی وارداتیں انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحصیل سٹی، تحصیل صدر، تحصیل سریاب اور تحصیل کچلاغ کے مختلف علاقوں متعلقہ پولیس تھانوں کی غیر ذمہ دارانہ کارکردگی نے شہریوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں جان ومال کے سنگین مسئلے دوچار کردیا ہے۔ جرائم پیشہ عناصر اور پولیس گٹھ جوڑ کا مقصد عوام کو لوٹنا ہے۔ چور،ڈاکو اب شہریوں پر فائرنگ کرکے زخمی کرنے اور ان کی جان لینے سے بھی دریغ نہیں کرتے اور شہر کے تمام کیمروں اور سوشل میڈیا پر جاری ہونیوالے ویڈیوز جن میں ان ڈاکوؤں کو انتہائی آسانی سے دیکھا اور شناخت کیا جاسکتا ہے لیکن اس کے باوجود کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک خبر جس میں ڈاکوؤں کے گروہ کا ایک صوبائی سرغنہ گرفتار کیا گیا وہ خود شالکوٹ پولیس تھانہ ایس ایچ او کا بھائی ہے جسے راہ فرار دینے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے لیکن آئی جی پولیس سمیت کسی بھی ذمہ دار نے اس کا نہ نوٹس لیا اور نہ ہی مزید کارروائی کی گئی جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔صرف یہی نہیں اس سے پہلے بھی مختلف جرائم کی وارداتوں میں پولیس اہلکار شامل رہے ہیں۔گزشتہ روز بھی زرغون آباد میں ایک خاتون کو ڈکیتی کی واردات میں قتل کیا گیا اسی طرح روزانہ کی بنیاد پر درجنوں چوری،ڈکیتی کی وارداتیں، موٹر سائیکل، نقدی، موبائل چھیننے کی وارداتیں ہورہی ہیں۔ جس کی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ، قتل وغارت اور لوٹ مار کے مسلسل واقعات نے شہریوں میں شدید خوف وہراس پیدا کردیا ہے عوام اپنی جان ومال کے تحفظ کے حوالے سے شدید عدم تحفظ کا شکار ہے، اورجرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے پولیس محکمہ کی کارکردگی پرسنجیدہ سوالات کھڑے کردیئے ہیں کیونکہ جرائم کی روک تھام، عوام کے جان ومال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن محکمہ پولیس اور کوئٹہ کے تمام پولیس تھانوں میں جاری جرائم کی وارداتیں پولیس کی اپنی ذمہ داریوں سے غفلت اور سرگردانی کا مظاہرہ قابل افسوس ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور پولیس کی کارکردگی موثر اور جوابدہ بنایا جائے تاکہ شہری سکون اور تحفظ کے ساتھ اپنی زندگی بسر کرسکیں۔ #
کوئٹہ شہر میں بڑھتی ہوئی چوری ٗ ڈکیتی ٗ راہزنی سٹریٹ کرائمزکی وارداتیں انتہائی تشویشناک ہیں ٗ پشتونخواملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخواملی عوامی پارٹی
