اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین، نو منتخب رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے قومی اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر میں کہا ہے کہ میں اس معزز ایوان میں اپنی پہلی تقریر میں اپنے حلقے کے ووٹرز، سپورٹرز، پارٹی قائدین اور کارکنان کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے نہ صرف مجھے اپنے حلقے کی نمائندگی کے لیے بلکہ مظلوم پشتون، بلوچ، سندھی، سرائیکی اور مظلوم پنجابی عوام کے حقوق کے دفاع کے لیے اس معزز ایوان کے لیے منتخب کیا۔ پاکستان نہ صرف ایک جغرافیائی خطہ ہے بلکہ یہ پانچ بڑی قوموں کے درمیان ایک عمرانی معاہدہ ہے۔ پاکستان کی مضبوطی اور خوشحالی اس حقیقت کو تسلیم کرنے میں ہے کہ یہ ملک پشتون، بلوچ، سندھی، سرائیکی اور پنجابی اقوام کا فیڈریشن ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ اس ملک کو مستحکم دیکھیں تو ہمیں اس ملک کو حقیقی وفاق کے طور پر چلانا ہوگا، جہاں ہر قوم کی شناخت کا احترام ہو، جہاں قومی اکائیوں کی آئینی خودمختاری کا تحفظ ہو، وسائل پر پہلا اختیار وہاں کے لوگوں کا ہو اور فیصلے برابری اور انصاف کی بنیاد پر ہوں۔ اس ملک کا اصل مسئلہ تب حل ہوگا جب مرکزیت کی بجائے شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا، بالادستی کی بجائے برابری کو ترجیح دی جائے گی اور محرومی کی بجائے قومی خودمختاری کو فروغ دیا جائے گا۔ ہماری یہ تجویز ہے اور ہم یہ مانتے ہیں کہ 23 مارچ 1940 کی قرارداد میں قومی وحدتوں کی خودمختاری اور برابری کی واضح ضمانت دی گئی تھی اور ایک تصور پیش کیا گیا تھا۔ آئیں اس کی روشنی میں ایسا ملک بنائیں اور اس کی روشنی میں ایسا آئینی اور پارلیمانی نظام تشکیل دیں جہاں قومی وحدتیں خودمختار ہوں اور صوبوں کو اپنا اختیار حاصل ہو۔ آئیں ایسا پارلیمانی نظام بنائیں کہ اس ایوان (قومی اسمبلی) کی متنازع حیثیت ختم کر کے قوموں کی برابری کو تسلیم کیا جائے اور قوموں کو اس ایوان میں برابری کی بنیاد پر نمائندگی دی جائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ بیشک فیڈریشن مضبوط ہو مگر محدود ہو۔ دفاع، کرنسی، خارجہ پالیسی اور مواصلات کے علاوہ تمام محکمے قومی وحدتوں کے پاس ہونے چاہئیں۔ یہاں قومی وحدت (فیڈریٹنگ یونٹ) طاقت کا سرچشمہ ہونا چاہیے۔ لوئر ہاؤس اور مضبوط قومی وحدتیں اس ملک کو مضبوط، مستحکم اور یکجا رکھ سکتی ہیں۔ ج ہم جمہوریت پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں۔ جمہوریت کی اصل روح پارلیمنٹ کی بالادستی اور آئین و قانون کی حکمرانی میں ہے۔ کہنے کے لیے تو اس ملک کے آئین میں عوام کی حاکمیت، پارلیمنٹ کی بالادستی اور آئین و قانون کی حکمرانی درج ہے، مگر حقیقت میں عملی طور پر یہ سب کچھ موجود نہیں ہے۔ آئیں ایسا آئینی نظام تشکیل دیں، چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کریں، جس میں ہم یہ یقین دلا سکیں کہ اس ملک میں عوام کی حاکمیت، پارلیمنٹ کی بالادستی اور آئین و قانون کی حکمرانی ہوگی۔ جب تک ہم یہ حاصل نہیں کرتے تب تک اٹھارویں آئینی ترمیم پر مکمل عمل درآمد ہونا چاہیے۔ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کو ختم کر دینا چاہیے۔ ایک تصور پایا جاتا ہے کہ یہاں غیر فطری صوبے موجود ہیں اور لوگوں کی زبانِ زدِ عام ہے کہ صوبے بننے چاہئیں، غیر فطری صوبے نہیں ہونے چاہئیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ یہاں ایک صوبہ پشتونوں کا ایک متحد قومی وحدت (صوبہ) ہو جس میں خیبر پختونخوا، اٹک، میانوالی اور جنوبی پشتونخوا شامل ہوں، اور اسی طرح سرائیکیوں کا بھی اپنا ایک صوبہ ہونا چاہیے۔ پشتون وطن میں مسلط جنگیں لڑی گئیں جو نہ ہماری تھیں، نہ اس ملک کی تھیں اور نہ پشتونوں کی تھیں۔ یہ جنگیں اس ریاست نے امریکہ کے کہنے پر لڑی تھیں۔ ان جنگوں کے نتیجے میں دہشت گردی، بربادی اور بے چینی پشتون وطن میں پائی جاتی ہے۔ اس دہشت گردی میں لاکھوں خاندان متاثر ہوئے، ہمارا خون بہایا گیا اور کروڑوں لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ نہ ہمارے بچے، نہ بزرگ، نہ جوان اور نہ ہماری خواتین محفوظ رہیں۔ ہمارے علماء، سیاستدان، وکلاء، طلباء، تاجر، ڈاکٹرز اور عام لوگوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔ ہماری مساجد، مدارس، سکول، ہسپتال، مارکیٹیں اور غمی و خوشی کی تقاریب، جنازے اور فاتحہ خوانی تک دہشت گردی سے محفوظ نہ رہ سکیں اور ان افسوسناک واقعات میں لاکھوں لوگ شہید ہو گئے۔ جناب اسپیکر! خیبر پختونخوا اور پشتون وطن کئی دہائیوں سے دہشت گردی، بدامنی اور بے چینی کا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھا رہے ہیں۔ آپ یقین رکھیں کہ تباہی صرف ایک طرف سے نہیں ہے۔ کروڑوں لوگ مجبور ہوئے کہ وہ باقی صوبوں اور شہروں میں جا کر آباد ہوں
مضبوط قومی وحدتیں اس ملک کو مضبوط، مستحکم اور یکجا رکھ سکتی ہیں : خوشحال خان کاکڑ

ٹیگز:
خوشحال خان کاکڑ
