کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی اور گرانفروشی عروج پر پہنچ چکی ہے جس کے باعث عام آدمی کی مشکلات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصا آٹے کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3200 روپے تک فروخت کیا جارہا ہے جو غریب اور متوسط طبقے کی قوتِ خرید سے باہر ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے سے قبل اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے جا اضافہ افسوسناک اور قابلِ تشویش ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرکے منافع کمانے والوں کے خلاف کریک ڈان ناگزیر ہوچکا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ اگر مہنگائی اور گرانفروشی پر فوری قابو نہ پایا گیا تو رمضان المبارک کے دوران غریب عوام کیلئے بنیادی ضروریات کا حصول بھی مشکل ہوجائے گا۔ انہوں نے حکومت بلوچستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ آٹے اور دیگر اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے، پرائس کنٹرول میکانزم کو مثر بنایا جائے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کو مہنگائی کے اس طوفان سے بچایا جاسکے۔
رمضان سے قبل مہنگائی و گرانفروشی عروج پر پہنچ گئی ہے، حلیم صادق

ٹیگز:
حلیم صادق
