راولپنڈی (ڈیلی گرین گوادر) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ ایک شخص نیشنل سکیورٹی تھریٹ بن چکا ہے، ایک ذہنی مریض یہاں بیٹھ کر افواج پاکستان کے خلاف باتیں کررہا ہے، اگر کوئی اپنی ذات کے افواج پر اٹیک کرتا ہے تو اس سے بھرپور نمٹا جائے گا، پاک فوج کے خلاف عوام کو بھڑکانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر پاکستان اور عوام کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، ایک شخص سمجھتا ہے کہ میں نہیں تو کچھ نہیں، ایک شخص کا بیانیہ نیشنل سکیورٹی کیلئے تھریٹ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مبارکباد ہو چیف آف ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹر کا آغاز ہوگیا ہے، دنیا میں درجنوں ممالک میں چیف آف ڈیفنس فورسز کا ہیڈکوارٹر ہے، چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی علاقائیت، لسانیت، مذہبی جھکاؤ اورسیاسی سوچ کی نمائندگی نہیں کرتے، ہم روزانہ کی بنیادپر پاکستان اورعوام کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، ہم کسی سیاسی شخصیت، ایلیٹ ازم کا ایجنڈا لے کر نہیں چلتے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ اگر کوئی اپنی ذات کیلئے آرمڈ فورسز پر اٹیک کرتا ہے تو اس سے بھرپور نمٹا جائے گا، آپ اپنی سیاست خود کریں، آپ فوج کو اپنی سیاست سے دور رکھیں، کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی کہ افواج پاکستان اورعوام میں دراڑ ڈالے۔
ایک شخص کا بیانیہ نیشنل سکیورٹی کیلئے تھریٹ بن چکا ہے` لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری

ٹیگز:
احمد شریف چودھری
