کوئٹہ(یو این اے)کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل ٹرین گزشتہ 20روز سے معطل ہے ریلوے حکام کے مطابق ٹرین سروس کو سیکیورٹی خدشات اور مسافروں کی کمی کے باعث بند کیا گیا ہے۔ حکام نے وضاحت کی کہ 9 اکتوبر کو کراچی سے بولان میل کی روانگی منسوخ کی گئی تھی، اور کراچی سے ٹرین نہ آنے کی وجہ سے کوئٹہ سے بھی ٹرین کو بند کرنا پڑا۔ذرائع کے مطابق بولان میل کی بندش سے کوئٹہ، مستونگ، دالبندین، نوشکی، چاغی اور دیگر اضلاع کے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ مسافر متبادل سفری ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے سفر کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس کی معطلی ایک عارضی اقدام ہے اور جیسے ہی سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی اور مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوا تو بولان میل کو دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔ حکام کے مطابق ریلوے انتظامیہ بلوچستان میں ٹرین آپریشنز کی بحالی کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ مسافروں کو محفوظ، آرام دہ اور باقاعدہ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔شہریوں نے وفاقی اور ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بولان میل کی سروس کو جلد از جلد بحال کیا جائے، کیونکہ یہ کوئٹہ تا کراچی واحد مسافر ٹرین ہے جو عام عوام کے لیے سفر کا کم خرچ ذریعہ ہے۔ بولان میل کی بندش نے عام شہریوں اور کاروباری طبقے دونوں کو متاثر کیا ہے۔
بولان میل کی آمد و روانگی بند، کوئٹہ سے کراچی جانے والی ٹرین 20 روز سے معطل

ٹیگز:
بولان
