کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)محکمہ ثقافت و سیاحت حکومت بلوچستان اور پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (PTDC) کے اشتراک سے تین روزہ بلوچستان گرینڈ ٹورزم فیسٹیول کا آغاز آج جمعہ، 10 اکتوبر 2025 سے لوک ورثہ اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔ یہ رنگا رنگ ثقافتی میلہ 10، 11 اور 12 اکتوبر تک جاری رہے گا، جس کا عنوان “بلوچستان کا تجربہ عجوبوں کی سرزمین” رکھا گیا ہے۔فیسٹیول کا مقصد بلوچستان کی منفرد ثقافت، روایات، موسیقی، دستکاری، مہمان نوازی اور سیاحتی امکانات کو اجاگر کرنا ہے۔ تقریب میں بلوچی، براہوئی اور پشتون موسیقی کی خصوصی پرفارمنسز، بلوچستان کی لوک دستکاری، فوڈ اسٹریٹ، ہینڈی کرافٹس اور ٹورزم اسٹالز کے ساتھ ثقافتی رقص، دستاویزی فلموں کی نمائش اور سیاحتی مقامات کی تصویری گیلری شامل ہوگی۔ترجمان پی ٹی ڈی سی کے مطابق، یہ فیسٹیول نہ صرف بلوچستان کی مثبت شناخت کو اجاگر کرے گا بلکہ بین الثقافتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو بھی فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ “یہ پلیٹ فارم پاکستان کے مختلف حصوں سے آنے والے افراد کو ایک جگہ پر یکجا کرے گا اور بلوچستان کے تنوع کو قریب سے جاننے کا نایاب موقع فراہم کرے گا۔”محکمہ سیاحت بلوچستان کے حکام کے مطابق، فیسٹیول سے مقامی و بین الاقوامی سیاحوں کو بلوچستان کی جانب راغب کرنے کی مہم میں تیزی آئے گی، جس سے صوبے کی سیاحتی و معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔ شہریوں کے لیے فیسٹیول میں شرکت مفت ہوگی اور توقع ہے کہ ہزاروں افراد اس ثقافتی جشن میں شریک ہوں گے۔
بلوچستان گرینڈ ٹورزم فیسٹیول کا آغاز آج لوک ورثہ اسلام آباد میں ہوگا

ٹیگز:
بلوچستان
