پنجگور (ڈیلی گرین گوادر)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر اور رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے حق دو تحریک پنجگور کی جانب سے بارڈر کی بندش کے خلاف منعقدہ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر کی بندش کے بغیر متبادل روزگار فراہم نہ کرنا لاکھوں عوام کا معاشی قتل عام ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اہم مسئلے پر بلوچستان بھر میں احتجاجی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا اور بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔ مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ وہ ہر وقت اسمبلی فورم پر بارڈر کے مسئلے پر آواز بلند کرتے رہے ہیں اور موجودہ اسمبلی سیشن میں بھی احتجاج کیا۔انہوں نے کہا کہ بارڈر کی بندش سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے سنگین اور خطرناک اثرات عوام کی روزمرہ زندگی پر پڑ رہے ہیں۔ لوگ اپنے بچوں کی تعلیم اور علاج معالجے کے اخراجات پورے نہیں کر پا رہے اور مجبور ہو کر انہیں تعلیمی اداروں سے نکال رہے ہیں۔مولانا ہدایت الرحمن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے روزگار کے تحفظ کے لیے اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کریں اور فیصلہ کریں کہ بھوک و غربت کے خلاف کس طرح اپنی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ مکران اور رخشان ڈویژن کے عوامی نمائندوں کو چاہیے کہ وہ مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے اپنے عوام کے روزگار کا دفاع کریں۔
پنجگور،بارڈر کی بندش سے معاشی بحران، مولانا ہدایت الرحمن نے بلوچستان اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کا اعلان

ٹیگز:
پنجگور
