سبی(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع سبی کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے سبی امن جرگے میں شرکت کے ساتھ ساتھ ڈھاڈر ٹو کوئٹہ روڈ کو دو رویہ (ڈبل)کرنے کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ شاہراہ برسوں سے “بولان کے خونی راستے” کے نام سے جانی جاتی تھی جہاں جان لیوا حادثات نے درجنوں قیمتی جانیں نگل لیں۔ افتتاحی تقریب میں قبائلی عمائدین، ضلعی انتظامیہ، عوامی نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیر اعلی بلوچستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بولان کے خونی راستے پر سفر کرنے والے شہریوں کو اب خوف، حادثات اور عدم تحفظ سے نجات ملنے جا رہی ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف انفراسٹرکچر کی بہتری بلکہ امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ بھی ہموار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تکمیل سے سبی، ڈھاڈر، بولان، مچھ اور کوئٹہ کے درمیان محفوظ سفر ممکن ہوگا اور یہ شاہراہ سی پیک کے متبادل روٹ کے طور پر بھی اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت منصوبے کی جلد تکمیل کو یقینی بنائے گی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم ہو۔ وزیراعلی نے اس موقع پر سبی اور ملحقہ علاقوں کے لیے مزید ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جن میں تعلیمی اداروں کی بہتری، صحت کی سہولیات کی فراہمی، زرعی زمینوں کی آبپاشی کے منصوبے اور نوجوانوں کے لیے ہنر مند تربیتی مراکز کا قیام شامل ہیں۔ادھر سبی میں منعقدہ امن جرگے میں وزیر اعلی بلوچستان نے کورکمانڈر بلوچستان، گورنر بلوچستان، چیف سیکریٹری، آئی جی ایف سی، آئی جی پولیس، ایم این اے، ایم پی اے اور قبائلی عمائدین کے ہمراہ شرکت کی۔ جرگے میں صوبے کے امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیر اعلی نے کہا کہ صوبے بھر میں “بی ایریا” کو ختم کرکے “اے ایریا” میں بدلا جا رہا ہے تاکہ امن و امان میں اضافہ ہو۔ کوہلو تا سبی شاہراہ سمیت دیہی علاقوں کو جوڑنے والی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی جبکہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کو مزید فعال بنایا جائے گا اور نوجوانوں کو مفت صحت و تعلیم فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں سے بولان شاہراہ پر سفر محفوظ بنایا گیا ہے۔ اب وقت ہے کہ صوبے کے نوجوان امن اور ترقی کے سفر میں بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیر اعلی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ امن و امان اور عوامی جان و مال پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
سبی ایف سی ہیڈکوارٹر میں گرینڈ جرگہ، وزیر اعلی بلوچستان، کورکمانڈر اور گورنر کی شرکت

ٹیگز:
سبی
