کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بیوٹمز یونیورسٹی کیمپس کے قیام کا مقصد ایک اعلیٰ معیار کا تعلیمی ادارہ قائم کرنا ہے جو طلباء کو اعلیٰ درجے کی سہولیات اور وسائل مہیا کرے۔ گورنر مندوخیل نے ژوب کے تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کیلئے تمام متعلقہ ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ زیرتعمیر اکیڈمک بلاکس، اسپورٹس کمپلیکس، ہاسٹلز اور گیسٹ ہاؤسز وغیرہ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا اور طلباء کو فائدہ ہوگا۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ ژوب کے تعلیمی اداروں میں طلباء کی تعداد کے پیش نظر ہماری منصوبہ بندی کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق ہونی چاہیے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ہم آنے والی نسلوں کیلئے ایک مضبوط بنیاد بنائیں۔ یہ بات انہوں نے بیوٹمز یونیورسٹی ژوب کیمپس سے متعلق بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی. بریفنگ میں پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر میروائس کاسی، کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالسلام لودھی اور رجسٹرار ڈاکٹر احسن اچکزئی بھی موجود تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ژوب ڈویژن کو ایک ممتاز تعلیمی مرکز میں تبدیل کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اس وژن کے حصول کیلئے ہر ذی شعور شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ بات طے ہے کہ ہمارے خطے کا مستقبل ہمارے آج کے اعمال پر منحصر ہے۔
بیوٹمز یونیورسٹی کیمپس کے قیام کا مقصد ایک اعلیٰ معیار کا تعلیمی ادارہ قائم کرنا ہے، جعفرخان مندوخیل

ٹیگز:
جعفرخان مندوخیل
