کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی “حق دو تحریک” جاری رہے گی اور بلوچستان کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کروائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بارڈرز قانونی تجارت کے لیے کھلوانے، جبری گمشدگیوں کے خاتمے، لاپتہ افراد کی بازیابی، سیکورٹی فورسز کے رویے کی درستگی، سی پیک کے ثمرات عوام تک پہنچانے، ٹرالر مافیا سے نجات اور دیگر مطالبات کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد 8 نکاتی معاہدے پر بات کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور حکومت کو 6 ماہ کا وقت دیا گیا ہے، اگر ہمارے مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو دوبارہ لانگ مارچ کیا جائے گا۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے عوام کی وکیل بنے اور لاپتہ افراد، بارڈر، ساحل اور معدنیات کے تحفظ جیسے مسائل پر ہماری وکالت کرے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں تاکہ صوبے کے مسائل حل ہوں۔انہوں نے کرپشن کمیشن اور دیگر مافیاز کے خلاف بھی لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ سیکورٹی فورسز کو دیگر کاروبار کے بجائے اپنی اصل ذمہ داری یعنی عوام کی حفاظت پر توجہ دینی چاہیے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں کچھ لوگ انتشار پھیلانا چاہتے ہیں لیکن ہمیں انتشار نہیں بلکہ اتحاد اور اخلاص کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قوم پرست نہیں بلکہ خدا پرست ہیں، ہر ظالم اور قاتل کے خلاف آواز بلند کریں گے اور جدوجہد جاری رکھیں گے۔
حکومت کو 6 ماہ کا وقت دیا ہے، مطالبات نہ مانے گئے تو دوبارہ لانگ مارچ کریں گے، ہدایت الرحمن بلوچ

