کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شمالی ڈیرہ بگٹی میں زیر تعمیر ماڈل سیکنڈری اسکول میر غلام قادر بگٹی کا دورہ کیا اور شہریوں و سرکاری افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا روز اول سے ایجنڈا عوامی خدمت، وعدوں کی پاسداری، میرٹ اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنانا ہے، حکومت کی ترجیحات کا محور ایسے اقدامات ہیں جن کے ثمرات عوام کو عملی طور پر نظر آئیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت میں سرکاری افسران اور سول بیوروکریسی نے اپنے فرائض کی ادائیگی کے ذریعے بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گزشتہ 78 سالہ قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، پاک فوج، فرنٹیئر کور، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں اور افسران نے صوبے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور خدمات انجام دی ہیں اور قربانیاں پیش کی ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں بند اسکولوں کو غیر تدریسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی روایت ختم کرنے کی مہم جاری ہے، اسکول صرف تعلیم کے لیے ہیں اور انہیں مہمان خانے بنانے کے بجائے بچوں کی تعلیم و تدریس کے لیے مختص رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے شعبہ تعلیم کے ساتھ صحت کے شعبے میں بھی متعدد اقدامات کیے ہیں جن سے لاکھوں شہری مستفید ہوئے ہیں ہیلتھ کارڈ کی سہولت سے لے کر نئے اسپتالوں کے قیام تک عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں جن کا اعتراف وفاقی حکومت اور عالمی فورمز پر بھی کیا گیا ہے۔ بلوچستان میں ہزاروں اساتذہ کی بھرتی کے ساتھ برسوں سے بند سیکڑوں اسکولوں کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے، تعلیمی اداروں اور تدریسی عمل کی بحالی صوبے میں تعلیمی بہتری کی جانب اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے ریکارڈ تعداد میں تعلیمی وظائف فراہم کیے ہیں تاکہ بلوچستان کے ذہین اور باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آسکیں وظائف کی فراہمی کا مقصد طلبہ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور مستقبل میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
بلوچستان میں بند اسکولوں کو غیر تدریسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی روایت ختم کرنے کی مہم جاری ہے، میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
میر سرفراز بگٹی
