کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ صوبے کے ترقیاتی سفر میں قبائلی عمائدین، سیاسی کارکنوں اور عوامی نمائندوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے ہمیشہ سیاسی میدان میں اپنے قائدین کا بھرپور ساتھ دیا ہے، ان کی سیاسی جدوجہد اور قربانیاں پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ، قلات اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ صوبائی مشیر نوابزاہ امیر حمزہ زہری سے قبائلی رہنماؤں میر گل محمد جتک، انیس قمبرانی، میر سعید زرکزئی، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں میر ثناء اللہ جتک، عبدالرشید نیچاری اور دیگر شخصیات نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں علاقائی صورتحال، عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں، بلدیاتی امور اور پارٹی کی سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے ترقیاتی عمل کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔ صوبے کے تمام علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا، بنیادی سہولیات کی فراہمی، صاف پانی، صحت، تعلیم، سڑکوں کی تعمیر اور بلدیاتی نظام کو مؤثر بنانا ترقیاتی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہاں کے عوام بھی جدید سہولیات سے مستفید ہوسکیں اور نوجوانوں کے لیے روزگار اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔ ترقی کا عمل صرف بڑے شہروں تک محدود رکھنے کے بجائے دیہی علاقوں اور چھوٹی آبادیوں تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
بلوچستان کی ترقی اور پسماندگی کے خاتمے کے لیے قبائلی عمائدین اور سیاسی کارکنوں کا تعاون ناگزیر ہے،نوابزادہ امیر حمزہ زہری

ٹیگز:
نوابزادہ امیر حمزہ زہری
