بیجنگ (ڈیلی گرین گوادر) چین کی ژیجیانگ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایک نئی قسم کا پتلا، شفاف شیشہ تیار کیا ہے جو خود کو صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس شیشے میں موجود برقی الیکٹروڈز ایک برقی فیلڈ (electric field) پیدا کرتے ہیں، جس کی مدد سے یہ خود بخود سطح پر موجود ذرات کو صاف کر دیتا ہے۔سطحی آلودگی، جیسے گرد و غبار اور ریت، ایک ایسا مسئلہ رہا ہے جسے حل کرنا سائنس کے لیے ہمیشہ چیلنج رہا ہے، خاص طور پر ان جگہوں پر جہاں صفائی مشکل یا مہنگی ہوتی ہے، جیسے بلند عمارتوں کی کھڑکیاں یا صحرا میں لگے شمسی پینلز۔ مگر اگر شیشے کی سطح خود ہی باقاعدگی سے صاف ہو جائے تو؟ یہ خیال سائنس فکشن فلموں جیسا لگتا ہے، لیکن چینی محققین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسا شیشہ تیار کیا ہے جو بغیر پانی یا کیمیکل کے صرف چند سیکنڈز میں 98 فیصد تک گرد و غبار صاف کر سکتا ہے۔
محققین نے دریافت کیا کہ چارج شدہ ذرات برقی فیلڈ کے زیرِ اثر غیر متوقع انداز میں حرکت کرتے ہیں۔ عام تصور کے برخلاف، یہ ذرات صرف ایک طرف نہیں ہٹتے بلکہ کبھی اپنی سمت بدل لیتے ہیں یا سطح سے اچھل کر دور جا گرتے ہیں۔ اسی اصول پر مبنی انہوں نے ایک 0.62 ملی میٹر موٹا شفاف شیشہ تیار کیا جو برقی فیلڈ کی مدد سے خود کو صاف کرتا ہے۔
سائنسی دنیا میں انقلاب ، خود کو صاف کرنے والا جدید شیشہ تیار

ٹیگز:
سائنسی
