کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کی ہدایت پر ایف آئی اے بلوچستان زون نے پاسپورٹ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک اہم ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم عبدالمالک کو چمن پاسپورٹ آفس کے قریب سے اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جب وہ شہریوں کو جلد پاسپورٹ بنوانے کا جھانسہ دے کر رقم بٹور رہا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزم سے 13 عدد پاکستانی پاسپورٹس، 51 ٹوکن، 48 ڈیٹا فارم، 9 ویریفیکیشن فارم اور ایک موبائل فون برآمد ہوا۔ گرفتار ملزم پاسپورٹس اور دیگر دستاویزات کی موجودگی پر حکام کو تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم شہریوں سے اضافی رقم لے کر انہیں جلد پاسپورٹ بنوانے کا جھانسہ دیتا تھا اور اس دھندے کے ذریعے عام لوگوں کو مالی نقصان پہنچا رہا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ پاسپورٹ مافیا کے خلاف ملک گیر کریک ڈان جاری ہے اور ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ ادارہ شہریوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ جلد بازی اور سہولت کے لالچ میں آ کر جعلسازوں کے ہتھے نہ چڑھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ایف آئی اے کو دیں۔
ایف آئی اے کی کارروائی، پاسپورٹ مافیا کا اہم کارندہ گرفتار

ٹیگز:
ایف آئی اے
