کوئٹہ:فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان زون نے انسانی سمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو منظم گروہوں کے 5 ملزمان کو گرفتار اور 4 شہریوں کو بازیاب کرالیا۔ کارروائیاں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان اور کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر کیں۔ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں رسول باچا، امین اللہ، حشمت علی، طالب حسین اور احسان اللہ شامل ہیں، جو انسانی سمگلنگ اور ٹریفکنگ میں ملوث گینگز کا حصہ تھے۔ ان میں سے رسول باچا، امین اللہ اور حشمت علی غیر قانونی راستوں سے شہریوں کو ایران اور ترکی منتقل کرنے میں ملوث تھے اور وہ ایران و ترکی میں پاکستانی سفارتخانوں کو انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ ملزمان متعدد شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوا چکے تھے۔ وہ شہریوں کو پہلے پاکستان سے ایران اسمگل کرتے اور پھر وہاں سے ترکی لے جانے کا انتظام کرتے تھے۔ دوسری جانب طالب حسین اور احسان اللہ بھی شہریوں کو غیر قانونی طور پر سرحد پار کرانے میں ملوث پائے گئے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے گھروں سے 4 معصوم شہریوں کو بازیاب بھی کروایا گیا۔ گرفتار ملزمان ایران میں مقیم ایجنٹ فہیم گجر کے کارندے کے طور پر سرگرم تھے اور شہریوں کو بیرون ملک غیر قانونی طریقے سے بھجوانے میں سہولت کار کا کردار ادا کرتے تھے۔ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ دیگر مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔
کوئٹہ،انسانی سمگلنگ میں ملوث دو منظم گروہوں کے 5 ملزمان گرفتار

