کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے امیرو سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ حالیہ بحرانی کیفیت میں جے یو آئی اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کررہی ہے، حکومت میں دانشمندی ہو تو وہ ملکی سطح سے لے کر بلوچستان تک کے معاملات کو بہتر کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمن مدظلھم کی سیاسی بصیرت اور جے یو آئی بلوچستان کی مخلصانہ کوششوں سے استفادہ کرکے حالات میں بہتری کی سبیل پیدا کرسکتی ہے۔یہ با ت انہوں نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے لانگ مارچ کے شرکاء کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے سینیٹر کامران مرتضیٰ، ایم پی اے سوراب نوبزادہ ظفراللہ خان زہری، ایم این اے میر عثمان بادینی بھی موجود تھے۔ مولانا عبدلواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان نے ہمیشہ عوام کے بنیادی حقوق، امن و امان اور استحکام کے لیے آواز بلند کی ہے۔ اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے، جے یو آئی اس وقت متحرک ہیں تاکہ موجودہ کشیدہ صورتحال کو سنبھالا جا سکے۔ امید کی جا رہی ہے کہ سنجیدہ کوششوں کے ذریعے اس بحران کو جلد حل کیا جا سکے گا، کیونکہ امن کا راستہ ہمیشہ برداشت، مکالمے اور باہمی تعاون سے ہی نکلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کا ہمیشہ یہ مؤقف رہا ہے کہ کسی بھی تنازعے کے حل کے لیے گفت و شنید، باہمی مشاورت اور سنجیدہ مکالمہ ہی بہترین راستہ ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جہاں بھی سیاسی مسائل کو طاقت کے زور پر دبانے کی کوشش کی گئی، وہاں نہ صرف عدم استحکام پیدا ہوا بلکہ بدامنی نے بھی جنم لیا۔ بلوچستان پہلے ہی متعدد چیلنجز سے دوچار ہے، جن میں سکیورٹی خدشات اور سیاسی بے یقینی نمایاں ہیں۔ ایسے میں مزید کسی بحران کو دعوت دینا دانشمندی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی بلوچستان مثبت اور بامقصد کوششوں کے ذریعے تمام فریقین کو قریب لانے، اشتعال انگیزی کو کم کرنے اور ایک قابلِ قبول حل نکالنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
بحرانی کیفیت میں جے یو آئی اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کررہی ہے،مولاناعبدالواسع

ٹیگز:
مولاناعبدالواسع
