اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سینئر قانون دان اور سپریم کورٹ کے وکیل منیر احمد کاکڑ نے ایوان صدر اسلام آباد میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد منیر احمد کاکڑ نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔آصف علی زرداری نے منیر احمد کاکڑ کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا ہے اور پارٹی بھی ان کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پیپلز پارٹی دن رات کام کر رہی ہے اور یہ صوبہ پیپلز پارٹی کا مضبوط سیاسی قلعہ بنے گا۔ایڈووکیٹ منیر احمد کاکڑ نے کہا کہ وہ آصف علی زرداری کی قیادت اور صوبائی وزیر زراعت و ترجمان آصف علی زرداری برائے بلوچستان میر علی حسن زہری کی شخصیت سے متاثر ہو کر پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک اور بلوچستان کو درپیش مسائل کا حل صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے، کیونکہ یہ واحد جماعت ہے جو غریب اور متوسط طبقے کے حقوق کے لیے ہمیشہ آواز اٹھاتی ہے۔ملاقات میں سینیٹر فاروق ایچ نائیک، میر علی حسن زہری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی، پارلیمانی اور جمہوری جماعت ہے، جس نے ہمیشہ عوامی طاقت کے ذریعے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی استحکام کے لیے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کی بہتری کے لیے کردار ادا کیا ہے، اور آئندہ بھی بلوچستان میں اپنی عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
سینئر قانون دان منیر احمد کاکڑ نے پیپلز پارٹی نے شمولیت اختیار کرلی

ٹیگز:
منیر احمد کاکڑ
