کوئٹہ:بلوچستان میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر پروینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر کے لیے وارننگ الرٹ جاری کردیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 18 اگست سے 22 اگست تک صوبے کے 20 سے زائد اضلاع میں تیز اور درمیانی شدت کی ہواں کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔متاثرہ اضلاع میں خضدار، قلات، آواران، لسبیلہ، سوراب، کیچ، گوادر، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، بارکھان، ژوب، شیرانی، دکی، زیارت، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی، سبی اور پنجگور شامل ہیں۔ بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری نظام زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو اپیل کی ہے کہ وہ خستہ حال مکانات میں رہنے سے گریز کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔ زمینداروں اور کاشتکاروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے زرعی آلات، سولر پینلز اور دیگر سامان کو محفوظ بنائیں۔مزید برآں متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ایمرجنسی پلان فعال رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔
بلوچستان ،مون سون بارشوں سے20سے زائد اضلاع میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، الرٹ جاری

