اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے لاہور-سیالکوٹ موٹروے (M-11) کی بڑے پیمانے پر اپ گریڈیشن اور توسیع کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت موٹروے کو 4 سے 6 لینز تک وسیع کیا جائے گا اور اس کا نیا سیکشن کھاریاں کو اسلام آباد سے ملائے گا۔یہ منصوبہ لاہور-اسلام آباد موٹروے (M-2) پر ٹریفک کا بوجھ کم کرنے کے ساتھ ساتھ تقریباً 100 کلومیٹر کا فاصلہ کم کرے گا، جس سے سفر کا وقت تقریباً ایک گھنٹہ کم ہو جائے گا۔وفاقی وزیر کے مطابق، یہ نئی لنک روڈ گوجرانوالہ، گجرات، کھاریاں، جہلم اور گوجر خان جیسے اہم اضلاع کے مسافروں کے لیے بڑی سہولت کا باعث ہوگی، جس سے ان علاقوں کی اسلام آباد تک رسائی مزید تیز اور آسان ہو جائے گی۔یہ اعلان نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) پنجاب ریجن کے دفتر میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے اجلاس میں ہدایت دی کہ جاری منصوبوں کو بروقت اور اعلیٰ تعمیراتی معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 30 سالہ انفراسٹرکچر پلان تیار کیا جائے تاکہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جا سکے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ملتان روڈ تا رنگ روڈ کوریڈور کی فوری تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاخیر یا ناقص کام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
موٹروے M-11 ` لاہور سے اسلام آباد کی مسافت 100 کلومیٹر کم ہوگی، عبدالعلیم خان

ٹیگز:
لاہور
