اسلام آباد،کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام اداروں کی گول میز کانفرنس ہونی چاہیے سیاستدان ، ججز ، جرنیل، صحافی ،تاجر سب کو بیٹھنا ہوگا اور اس نتیجے پر پہنچنا ہوگا کہ اس ملک کو آئین کے تحت چلانا ہوگا اور سب کو متفق ہونا ہوگا ہر ادارہ آئین کے دائرہ کار میں رہے گا اور جو بھی اس چوکاٹ سے نکلے گا وہ ان تمام بربادیوں کا ذمہ دار ہوگا۔ محمود خان اچکزئی نے آئینی ترامیم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 26ویں ہو یا 27ویں آئینی ترامیم یہ سب بربادی کا راستہ ہے ، پاکستان کا آئین ہر شہری کو حکم دیتا ہے جو کوئی اس آئین کو معطل کرتا ہو، آئین کو روندھتا ہو ، اسے پائمال کرتا ہو اور جو ایسے لوگوں کی مدد کرتا ہو اس کے خلاف باہر نکلیں ۔ عوام کو یہ پاکستان عزیز ہے اور اس کے لیے سب کو نکلنا ہوگا۔ محمودخان اچکزئی نے کہا کہ ملک کے تمام ادارے کرپشن کی وجہ سے کھوکھلی ہوچکی ہیں یہ نظام بیٹھ جائے گا۔ یہاں کے ذمہ داران ایک ڈھوبتے ہوئے بحری جہاز کے SOSمیسج کی طرح ہماری بات سُن لیں ۔ہم پشتونخواملی عوامی پارٹی نہ کسی سے نفرت کرتے ہیں اور نہ فاصلے ناپتے ہیں ۔ اگر سیاسی پارٹیوں نے آج بھی غفلت کی تو خود رو تحریکیں عوامی تحریکیں چل پڑینگی جس طرح گزشتہ روز باجوڑ میں ہوا ۔ لاکھوں انسان نکل آئے ، وزیرستان میں لاکھوں عوام نکلے یہ خود رو تحریکیں خطرناک نتائج دے سکتی ہیں ۔ شہباز شریف اور ان کے ادارے نے ایک مہربانی کرنی ہوگی اور پنجاب، بلوچ، سندھ ، پشتونوں کو یہ یقین دلانا ہوگا کہ یہ وطن آپ کا ہے۔ محمود خان اچکزئی نے شہید مولانا خانزیب کے بارے میں کہا کہ میرا ان کے ساتھ تعلق تھا یہ کوئی گناہ تو نہیں وہ جہاں بھی بیٹھتے یہ تبلیغ کرتے کہ ہمارا وطن دنیا کے قیمتی معدنیات سے بھرا پڑا ہے اور ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ یہ ہمارے وطن اور اس کے عوام کی بھلائی کے لیے استعمال ہوں ۔اور ایسے لوگوں کی سزا یہ ہے کہ انہیں مار دیا جاتا ہے جن لوگوں نے مولانا خانزیب کامارا کسی نے بھی ان کا نام نہیںلیا۔ یہاں جو لوگ اپنی وفاداریاں بیچتے اور خریدتے ہیں انہیں کروڑوں روپے دیئے جاتے ہیں اور جو اچھا پاکستان بنانے کا کہتے ہیں انہیں پتھر سے مارا جاتا ہے اس طرح یہ ملک نہیں چل سکتا ۔محمودخان اچکزئی نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان سے شاید لوگ اس لیے کتراتے ہیں کہ یہ پہلا سیاسی اتحاد ہے جو کسی کی خواہش یا کہنے پر نہیں بنی بلکہ حقیقی سیاسی جمہوری پارٹیاں جن سے زر اور زور کے ذریعے عوامی رائے چھینی گئی ان کا اتحاد ہے۔ یہ تحریک خالص پاکستان کو قوموں کا ایک رضاکارانہ فیڈریشن بنانے کے لیے بنا ہے ۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہماری بداعمالیوں ، سیاست میں مداخلت ،غلط داخلہ وخارجہ پالیسوں ، غلط سیاست ، ملک میں متفقہ آئین نہ چھوڑنے کی وجہ سے ہمارا ملک بربادیوں اور مشکلات سے دوچار ہواہے اور پاکستان بننے کے صرف 25سال بعد خطرناک حادثے کا شکار ہوکر دوؒلخت ہوا، اس کے بعد بڑی مشکلوں اور تکلیفوں سے ایک متفقہ آئین بنی جس پر ملک کے تمام سیاسی حکام کے دستخط موجود ہیں ، اگر چہ ذوالفقار علی بھٹو کی شخصیت سے اختلاف ہوسکتا ہے ان کی سیاسی پالیسیوں پر تنقید ہوسکتی ہے لیکن انہیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ پہلی مرتبہ اس ملک کو آئین دیا اگر چہ یہ آئین آج بھی پشتونوں کے متحدہ صوبے ان کے شناخت ، زبان وثقافت کی راہ میں حائل ہے لیکن اس کے باوجود آئین کے نہ ہونے سے بہتر ہے۔ ہم سب چاہے سٹیبلشمنٹ ، سرکاری آفیسرز، ججز ، منتخب اراکین اور سب نے یہ حلف اُٹھا رکھا ہے کہ ہم نے آئین کی دفاع کرنی ہے ۔ آج پاکستان انتہائی خطرناک حالت میں ہے اس حالت میں آئین خود بھی اپنی دفاع کے بارے میںواضح لکھتا ہے اور آئین کو چھیڑنے ، اسے معطل کرنے یا توڑنے کی سزائیں موجود ہیں ۔ ایسے حالات میں جو کوئی پاکستان کو چلانا یا بچانا چاہتا ہے تو اس کا واحد حل یہ ہے کہ متفقہ آئین کا احترام ہوگا، انسانوں کے ووٹ کا احترام ہوگا ،غیر جانبدارانہ انتخابات اور حقیقی ووٹوں سے منتخب پارلیمنٹ پورے ملک کے عوام کا ترجمان ہوگا، داخلی وخارجی پالیسیاںاس پارلیمنٹ میں بنے گی اور جو یونٹس ہیں جیسے گلگت بلتستان ، کوہستان، بلوچستان ، سندھ ، پشتونخوا ، پنجاب کے لوگوں کو یہ آئینی گارنٹی دینی ہوگی کہ آپ کے وطن میں اللہ تعالیٰ نے جو نعمتیں پیدا کیں ہیں ان پر پہلا حق آپ کے بچوں کا ہوگا۔ ہم یہ تجویز اور اپیل کرتے ہیں بالخصوص یہ چار بڑی سیاسی جماعتوں سے کم سے کم ہم ان چار پانچ بنیادی نکات پر متفق ہوں جس میں پارلیمنٹ طاقت کا سرچشمہ ہو ، ووٹ کا احترام ہوگا، غیر جانبدارانہ اور خودمختار الیکشن کمیشن ہوگا ،جو جیتا حکومت انہی کے حوالے، داخلی وخارجہ پالیسوں کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہو ، عدالتیں اور میڈیا آزاد ہو، فوج سمیت تمام ادارے اپنی چوکاٹ میں رہیں جس کا ملکی آئین میں تعین کیا گیا ہے تب یہ ملک بحرانوں سے نکل سکتا ہے۔ میں شہباز شریف ، ان کے ساتھیوں اور اُن تمام اداروں کو جو اس ناجائز حکومت کو سپورٹ کررہے ہیں ان سے کہتا ہوں کہ یہ طریقہ درُست نہیں اگر کوئی حق مانگتا ہے اور آپ وہاں طیارے ، ٹینک، توپیں لیجاتے ہیں اور ایسی صورت میں اگر خدانخواستہ پاکستان میں خانہ جنگی شروع ہوئی تو اس کی ذمہ دار شہباز شریف اور اسکی حکومت کو سپورٹ کرنیوالے ہوں گے۔ محمود خان اچکزئی نے جمہوریت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہاکہ اگر کوئی جمہوریت پر عملدرآمد نہیں کرتا تو اس میں جمہوریت کا کیا قصور ہوگا۔ انسان نے اپنے اجتماعی حکمت سے جنگیں لڑی چنگیز،سکندار اعظم وغیرہ وغیرہ ۔ لیکن اپنی اجتماعی حکمت سے اس نظام حکومت بنانے پر متفق ہوئے کہ یہاں ووٹ ہوگا۔ لیکن یہ کیسا ملک ہوگا جہاں ہرچیز کی قیمت لگتی ہوں گی ، گلی محلوں میں 60سے 80کرورڑ روپے کی باتیں ہورہی ہیں۔ میں یہ سمجھتا ہوں کہ اس میں سیاسی پارٹیاں بھی ملوث ہیں یعنی چندے کے نام پر کرورڑوں روپے لیئے جاتے ہیں اور پھر بعد میں انہیں سینٹ کے ٹکٹس مل جاتے ہیں ایسے میں سیاسی کارکن کیا کرینگے جو کارکن اپنی پارٹی کے لیے جدوجہد اور لازوال قربانیاں دیتے ہیںاور وہ اس امید سے کہ وہ پاکستان کی سیاست کا حصہ بنے گا اور ہم صاحب سرور !لوگوں کو کرورڑوں روپے کے عیوض وفاداریاں بیچنے اور خریدنے میں مصروف ہوں ۔ محمود خان اچکزئی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں بہت کم ایسے لوگ ہیں جو سٹیبلشمنٹ کے ساتھ نہیں پلے۔ نواز شریف اور بہت سے لوگوں نے تجربوں سے سیکھ لیا کہ یہ طریقہ درست نہیںبلکہ ووٹ کا احترام ہونا چاہیے ۔ اگر کسی کو ماضی کی غلطی پر سزا دی جاتی ہے تو یہ غلط ہے لیکن اب اگر کوئی کہتا ہے کہ آئیں ایک جمہوری پاکستان کی تشکیل نو کی جائے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ ایک مشترکہ ایجنڈاہو جس میں آئین کی بالادستی ، عدلیہ ، میڈیا کی آزادی ، پارلیمنٹ طاقت کا سرچشمہ ہو ، سیاست میں اداروں کی مداخلت کا خاتمہ ہو ان نکات پر تمام پارٹیوں کو متفق ہونا چاہیے اور اس پر بالکل عمران خان کے پارٹی کے لوگ بھی لوگوں کو متفق کرسکتے ہیں اور پھر نواز شریف، پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی ، مولانا فضل الرحمن صاحب ، تحریک انصاف اور وہ تمام جماعتیں جو جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں وہ یہ کرسکتے ہیں کہ شہباز شریف کو کہہ دے کہ بس آپ استعفیٰ دے اور ایک قومی حکومت قائم کی جائے جو چار سے پانچ مہینوں میں خودمختار الیکشن کمیشن کے ذریعے شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ اور جو ووٹ جیتے اسے حکمرانی کرنے دیا جائے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو انتہائی ہمت اور جرات کے ساتھ یہ معاہدہ کرنا چاہیے کہ وہ اقتدار میں آکر کسی کے پیچھے نہیں جائینگے یہ دیگر اداروں کے لیے مضحکہ خیزہوگا ۔یہ انتہائی خطرنا ک عمل ہے بلکہ اداروں میں حکومتی مداخلت کے رول کا خاتمہ کرنا ہوگا، ہر ادارے میں میرٹ لانا ہوگا ، عوام کو یہ باور اعتماد دلانا ہوگا کہ یہاں کالونیز نہیں ہیں ۔ بدقسمتی سے آج بھی پاکستان میں بلوچستان ، گلگت بلتستان ،خیبر پشتونخوا ، پنجاب ، سندھ کے عوام پر ایسے ظلم کیا جاتاہے جیسے یہ کالونیز ہواور یہ پاکستان کی بربادی کا راستہ ہے ۔ آئیں ہم سب توبہ النصوح کریں اور ماضی کو بھلا کر ایک اچھے ، نئے ، جمہوری پاکستان کی بنیاد رکھیں ۔ دنیا میں نئی اتحادیں بننے جارہی ہیں ، جرمن چانسلر نے افتتاحی تقریر میں کہا کہ جرمنی یورپ کی سب سے بڑی فوج ہوں گی ۔ سوال یہ ہے کہ کس کے لیے ؟ اسی طرح برطانوی وزیر اعظم نے گزشتہ دو ہفتے پہلے کہا تھا کہ ہم ایسے طیارے خریدینگے جس کے ذریعے دور دراز ایٹم بم لیجایا جا سکے ۔دنیا نئی اتحادوں کی جانب اور ہم اچھے حکمرانی کے پیچھے لگے ہوئے ہیں! محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمارا خطہ دنیا جہاں کے معدنی ذخائر سے بھرا پڑاہے ۔ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ پاکستان ، افغانستان ، ایران ،ہندوستان اس خطے کے تمام ممالک کے عقل کا امتحان ہے کہ ہم نے اپنے اس خطے کو کیسے دنیا کے مست سانڈوں کے جنگ کے مرکز بننے سے بچانا ہے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا جیو اور جینو دو کی بات پر عمل کرنا ہوگا۔ وزیرستان کے لوگ آپ سے کیا چاہتے ہیں وہ یہ کہہ رہے کہ ہمیں تنگ نہ کرے ،ہمارے وطن میں جو کچھ ہے اس پر ہمارا حق تسلیم کیا جائے اور یہ بات تمام پشتون اور پوراپاکستان کررہا ہے۔ غلطیاں نہ دوہرائے حالات انتہائی خطرناک ہے ۔ بین الاقوامی ادارے کی رپورٹ ہے کہ پاکستان میں 47فیصد لوگ غربت کی لکیر کے نیچے زندگی گزار رہے ہیں یعنی12کرورڑ عوام متاثر ہیں اور یہاں لوگ 60سے80کرورڑ میں ایک ووٹ خریدتے ہیں ۔ سنگاپور وغیر ہ جیسے علاقوں میں کرپشن جب انتہا کو پہنچی تو وہاں پر پھانسی کی سزا کا اعلان کردیا گیا اور آج وہ ملک کرپشن سے پاک ملکوں میں شمار ہوتا ہے ۔ میں پھانسی کا نہیں کہتا لیکن کم از کم اس ملک کو کرپشن سے نجات دلانا ہوگی ۔ محمود خان اچکزئی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پشتون ، بلوچ تمام اقوام وعوام چاہے وہ بلوچستان کے ہو یا وزیرستان ،فاٹا خیبر پشتونخوا کے ہو وہ چاہتے ہیں کہ ہمیںتنگ نہ کیا جائے ، قدرت کی جانب سے جو نعمتیں ہمیں عطاء کی گئی ان معدنیات و وسائل پر ہمارے بچوں کاپہلا حق ہوگا۔ اگر آپ لوگوں کو زور زبردستی اپنے گھروں ، علاقوں سے نکالتے ہیں کہ ہم یہاں چور وں کو تلاش کرینگے اس کی مثال دنیا میں کئی نہیں ملتی ۔ آج بھی پاکستان کے تمام ہائی ویز پر دن رات مسلح عناصر کھڑے ہوکر عوام کی بے عزتیاں کرتے ہیں ۔یہ ملک اتنا کمزور بھی نہیں۔ اگر یہ ناجائز حکومت ان مسلح عناصر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرے تو کسی بھی ہائی ویز پر کوئی چور ،ڈاکو ، مسلح افراد نہیں ہوں گے۔ کوئٹہ سے چمن ، کوئٹہ سے ژوب ،کوئٹہ سے ڈیرہ غازی خان، گوادر سے کوئٹہ تک لوگ سفر نہیں کرسکتے۔ اسی طرح سندھ ، مکران ، مختلف علاقوں میں حالات خراب ہیں ، بیانات آتے ہیں فلاں جگہ فائرنگ ہوئی اور اتنے لوگ مارے گئے ریاست اتنی بھی کمزور نہیں کہ اپنی ہائی ویزکو عوام کے لیے محفوظ نہ بناسکے۔
پاکستان کے تمام اداروں کی گول میز کانفرنس ہونی چاہیے ،محمود خان اچکزئی

