چمن (ڈیلی گرین گوادر) چمن کے علاقے شین تالاب کلی سلطانزئی میں دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کے مرکزی ملزم عطا محمد کو لیویز فورس نے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم نے گزشتہ روز نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر اپنی پہلی بیوی اور جوانسال بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا، جس کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس اور انتظامیہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔ ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے ایس ایچ او رسالدار عبدالجبار اچکزئی کی سربراہی میں رسالدار گوہر خان اور رسالدار محمد حنیفیہ پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔گزشتہ شام گڑنگ چیک پوسٹ پر چمن سے کوئٹہ جانے والی سواری گاڑی کی تلاشی کے دوران، انچارج رسالدار گوہر خان کی نگرانی میں ایم ٹی او محمد حنیفیہ اور دیگر اہلکاروں نے ایک مشکوک نوجوان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جو کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دوہرے قتل میں ملوث نکلا۔ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ لیویز فورس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
چمن، بیوی اور بیٹے کے قتل میں ملوث ملزم زخمی حالت میں گرفتار

