کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں خسرے کی خطرناک وبا نے بچوں کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا ہے۔ کوئٹہ کے دو بڑے ہسپتالوں سول ہسپتال اوربولان میڈیکل کمپلیکس میں روزانہ کی بنیاد پر خسرے کے مریض بچوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ بڑھ گیا ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق بچوں میں خسرے اور دیگر متعدی بیماریوں میں اضافے کی بڑی وجوہات غیر معیاری خوراک، ناقص کولڈ ڈرنکس، خراب جوس اور غیر صحت بخش تیل میں تیار شدہ اشیا کا استعمال ہے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تین ماہ سے پانچ سال کی عمر تک کے بچوں کو لازمی ویکسینیشن کروائیں تاکہ اس مہلک وائرس سے بچا جا سکے۔سول اسپتال کے ڈاکٹروں نے مزید بتایا کہ خسرے کے ساتھ ساتھ بچوں میں بخار، نزلہ، زکام، کھانسی اور سینے کی انفیکشن کی شکایات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق، اس وقت شہر میں غیر معیاری کھانے پینے کی اشیا کھلے عام فروخت ہو رہی ہیں، جو بچوں کی کمزور صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہیں۔ڈاکٹروں نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کی خوراک میں احتیاط برتیں، بازار کی غیر معیاری اشیا سے پرہیز کریں، اور بچوں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کے لیے فوری ویکسینیشن کروائیں تاکہ شہر میں پھیلتی اس وبا پر قابو پایا جا سکے۔
کوئٹہ اور گردونواح میں خسرے کی وبا پھوٹ پڑی، سینکڑوں بچےمتاثر

