کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیراعلی بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ بندوق سے نہیں بلکہ سیاسی تدبر اور مفاہمت سے حل کیا جانا چاہیے بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے بلوچستان گزشتہ دو دہائیوں سے بحرانوں میں گھرا ہوا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ اس وقت بلوچستان میں ریاست کی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے، جس کا فائدہ دشمن قوتیں اٹھا رہی ہیں۔ جب اندرونی حالات خراب ہوں گے تو بیرونی مداخلت کو روکنا ممکن نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ عوام کو اپنے ساتھ جوڑے، ان کے مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کی عملی کوشش کرے۔سابق وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے، اسے حل کیے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ لاپتہ افراد کے مسئلے کو سنجیدگی سے لے اور اس کے مستقل حل کے لیے بامعنی اقدامات کرے۔عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان شدید مایوسی کا شکار ہیں، انہیں روزگار، تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں۔ جب لوگوں کے گھروں میں فاقے ہوں گے، جب ان کے پاس روزگار نہیں ہوگا، تو وہ بدامنی کی طرف دھکیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ حکومت اپنی پالیسیوں کا ازسرنو جائزہ لے، طاقت کے استعمال کے بجائے عوامی مسائل کو سیاسی بنیادوں پر حل کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان گزشتہ دو دہائیوں سے بحرانوں میں گھرا ہوا ہے، اگر اب بھی عقل و تدبر سے کام نہ لیا گیا تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ایک پائیدار اور پرامن بلوچستان کا خواب صرف اس وقت پورا ہو سکتا ہے جب حکومت سنجیدہ سیاسی عمل کے ذریعے تمام فریقین کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھے۔
بلوچستان کے مسئلے کا حل بندوق نہیں، سیاسی مذاکرات ہیں،ڈاکٹر مالک بلوچ

