کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) واسا ایمپلائز یونین کے زیر اہتمام واسا ہیڈ آفس میں تنخواہوں، پنشن اور ایڈہاک ریلیف الانس کی عدم ادائیگی کے خلاف ملازمین نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرے میں شریک ملازمین نے حکومت بلوچستان، چیف سیکرٹری اور واسا انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر حاجی خان زمان، واسا ایمپلائز یونین کے صدر حاجی بشیر احمد رند، عارف خان نیچاری، حاجی سعداللہ کاکڑ، عابد بٹ، عارف بڑیچ، ہمایوں بختیار، عبدالحکیم کاکڑ و دیگر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال واسا ملازمین کو دو سے تین ماہ کی تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آ جاتی ہے۔رہنماں نے کہا کہ حالیہ مہینے کی تنخواہ اور پنشن تاحال ادا نہیں کی گئی، جس کے باعث ملازمین کے بچے اسکولوں سے نکالے جا رہے ہیں، اور ملازمین ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ مقررین کے مطابق، حکومت بلوچستان سے تنخواہوں کے لیے جو گرانٹ طلب کی گئی تھی، وہ واسا انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے اب تک زیر التوا ہے۔احتجاجی مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر تنخواہوں، پنشن اور تین ماہ کے ایڈہاک ریلیف الانس کے بقایاجات ادا نہ کیے گئے تو واسا ملازمین سڑکوں پر دھرنا دیں گے، اور سخت احتجاج کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری واسا انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
کوئٹہ،واسا ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

