کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر واقع وقار ہوٹل کے سامنے ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت ملک مبشر سکنہ کلی گو گڑائی، سریاب روڈ کے طور پر ہوئی ہے۔ تھانہ کچی بیگ میں مقتول کے چچا حیدر احمد کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 146/25 زیر دفعہ 302، 34 تعزیراتِ پاکستان درج کر لیا گیا ہے۔مدعی کے مطابق 8 جولائی کی رات تقریبا ساڑھے نو بجے اسے اطلاع ملی کہ اس کے بھتیجے ملک مبشر کو وقار ہوٹل کے سامنے میدانی میں قتل کر دیا گیا ہے۔ اطلاع ملنے پر جب وہ جائے وقوعہ پر پہنچا تو مقتول کو خون میں لت پت پایا۔ مدعی کے بقول ان کا مقتول کے ساتھ پرانا دشمنی کا تنازعہ چل رہا تھا اور مبینہ طور پر محمد حسین ، غلام جیلانی، غلام ربانی ، اور چنگیز نے دو موٹر سائیکلوں پر آ کر ملک مبشر پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر لاش کو سول ہسپتال منتقل کیا، جہاں مقتول کے جسم پر فائرنگ کے نشانات دیکھے گئے، گولی دائیں آنکھ کے نیچے سے جسم میں داخل ہو کر گردن کی بائیں جانب سے نکلی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے واقعے کو دشمنی کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔
کوئٹہ، قمبرانی روڈ پر فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

