کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)مستونگ میں پیر کے روز فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں نے تحصیل آفس، بینک اور دیگر سرکاری دفاتر پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 16 سالہ معصوم بچہ جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق واقعے کے فورا بعد فرنٹیئر کور:ایف سی، انسداد دہشتگردی فورس سی ٹی ڈی اور لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دو دہشتگرد مارے گئے جبکہ تین زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو منظم انداز میں پسپا کر دیا اور حملے کے مقام پر کلیئرنس آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔شاہد رند کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کا بروقت رسپانس جانی نقصان کو مزید بڑھنے سے روکنے میں موثر رہا۔ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔ترجمان کے مطابق شہریوں کے تحفظ کو مقدم رکھتے ہوئے سیکیورٹی ادارے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں، اور علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے تاکہ امن و امان کو بحال رکھا جا سکے۔
مستونگ ٗ شدید فائرنگ کے بعد دو دہشتگرد مارے گئے اور تین زخمی ہوئے،شاہد رند

ٹیگز:
شاہد رند
