اوستہ محمد (ڈیلی گرین گوادر)ڈسٹرکٹ پولیس اوستہ محمد نے منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 250 کلوگرام چرس برآمد کر لی اور ایک جعلی صحافی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایس پی اوستہ محمد کی ہدایت پر ڈی ایس پی امجد علی جمالی کی نگرانی میں کی گئی۔ایس ایچ او تھانہ صدر منظور احمد جمالی اور انچارج 15 مددگار کرم حسین ببر نے اسپیشل ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک ریوو گاڑی کو روکا، جسے حاجی جمعہ خان ولد فقیر محمد، قوم محمد حسنی بروہی، ساکن سانگھڑ سندھ چلا رہا تھا۔ گاڑی کی باریک بینی سے تلاشی کے دوران اس میں چھپائی گئی 250 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم صحافت کا سہارا لے کر منشیات کا مکروہ دھندہ کر رہا تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو گمراہ کر رہا تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، جبکہ منشیات اور گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔دوسری جانب، ایس ایچ او تھانہ گنداخہ انسپکٹر پنھل خان جمالی نے مفرور ملزم میرو خان ولد علی حیدر جمالی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس اوستہ محمد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منشیات فروشوں، جرائم پیشہ اور قانون شکن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
اوستہ محمد، 250 کلوگرام چرس برآمد، جعلی صحافی گرفتار

ٹیگز:
اوستہ محمد
