کوئٹہ(یو این اے )ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی :ایچ ڈی پی:نے بلوچستان بھر بالخصوص کوئٹہ شہر میں جاری پٹرول بحران پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے مسلط کردہ صوبائی حکومت اور فارم 47 کی پیداوار انتظامیہ کی بدترین ناکامی قرار دیا ہے۔ مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قلت سے صوبے بھر میں معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں اور اگر صورتحال یہی رہی تو عوام زمانہ قدیم کی طرح گھوڑے، گدھے اور دیگر جانوروں کی سواری پر مجبور ہو جائیں گے۔ایچ ڈی پی نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ بحران نے یہ بات ثابت کر دی ہے کہ بلوچستان بھر میں بیشتر بڑے اور چھوٹے پٹرول پمپوں پر ایرانی پٹرول فروخت کیا جاتا رہا ہے، جبکہ نام نہاد منی پٹرول پمپوں پر صرف مخصوص حلقوں کو خوش کرنے کے لیے پابندیاں عائد کی جاتی رہی ہیں۔پارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر صوبائی حکومت نے فوری طور پر اپنی انتظامی نااہلی پر قابو نہ پایا اور پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی نہ بنائی تو عوام شدید ردعمل دینے پر مجبور ہوں گے۔ ایچ ڈی پی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی خوشنودی کے بجائے عوامی مسائل کو ترجیح دے اور فی الفور اس سنگین بحران کا حل نکالے۔
پٹرول نہ ملا تو عوام گھوڑوں اور گدھوں پر سفر کرنے پر مجبور ہوں گے، ایچ ڈی پی

