تفتان(یو این اے )ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری شدید کشیدگی اور عالمی جنگ کے خدشات کے باعث اتوار کے روز 163 پاکستانی شہری ایران سے واپسی پر پاک ایران سرحدی مقام تفتان کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگئے۔ یہ تمام افراد ایران میں موجود تھے اور حالیہ حالات کے تناظر میں پاکستان واپسی پر مجبور ہوئے۔:یواین اے: نیوز ایجنسی کو ایف آئی اے تفتان کے زرائع نے بتایا کہ ایران میں موجود پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کو مزید 163 افراد تفتان بارڈر کے راستے بلوچستان پہنچے ہیں۔ ان افراد کی اسکریننگ اور سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد انہیں وطن میں داخلے کی اجازت دی گئی۔دوسری جانب حکومتِ پاکستان نے تفتان کے راستے ایران جانے پر پابندی عائد کردی ہے تاکہ موجودہ بین الاقوامی حالات کے تناظر میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ تاہم، تفتان بارڈر بدستور کھلا ہے اور صرف واپس آنے والے پاکستانیوں کو سرحد عبور کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ضلعی انتظامیہ اور ایف آئی اے سمیت متعلقہ ادارے تفتان پر مسلسل الرٹ ہیں اور حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مزید پاکستانیوں کی واپسی متوقع ہے جبکہ ایرانی سرزمین پر موجود پاکستانیوں کو رابطے اور تعاون کے لیے قونصل خانے سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تفتان کے راستے ایران جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔
ایران اسرائیل جنگ، 163پاکستانی ایران سے تفتان بارڈر کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے

