کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اس وقت تاریخ کے بدترین پٹرول اور ڈیزل بحران کی لپیٹ میں ہے، صوبے کے 70 فیصد سے زائد پٹرول پمپس بند ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ چند کھلے پمپس پر شدید عوامی ہجوم اور بدنظمی کی صورتحال ہے۔ پٹرول کی عدم دستیابی سے روزمرہ زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو چکی ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں تمام پمپس کے بند ہونے کا خطرہ سر پر منڈلا رہا ہے، جس کے بعد صوبے میں مکمل شٹ ڈان کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ایرانی پٹرول پر وفاقی پابندی کو دو ہفتے گزر چکے ہیں جس کے نتیجے میں بلوچستان بھر کے سینکڑوں منی پٹرول پمپس بند ہو چکے ہیں، جو صوبے کی ایندھن ضروریات کا بڑا ذریعہ تھے۔ حکومتی بے حسی کا یہ عالم ہے کہ دو ہفتوں سے جاری اس بحران پر کسی بھی سطح پر کوئی واضح موقف یا عملی قدم سامنے نہیں آیا۔ عوام، ٹرانسپورٹرز، مریض، مزدور، سب ایندھن کی تلاش میں دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں صورتحال نہایت گھمبیر ہو چکی ہے۔ عوامی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور ایمبولینسوں تک کو پٹرول کی عدم دستیابی کے باعث بند ہونا پڑا ہے۔ شہری حکومت اور انتظامیہ پر شدید برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔عوامی حلقوںنے :یواین اے :نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت فوری اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات نہیں اٹھاتی تو صوبے میں بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک جنم لے سکتی ہے۔ حکام بالا کی مسلسل خاموشی اس سنگین بحران کو مزید بگاڑنے کا باعث بن رہی ہے، جس کا خمیازہ لاکھوں عوام بھگت رہے ہیں۔
بلوچستان میں پٹرول اور ڈیزل کا سنگین ترین بحران،70 فیصد پمپس بند، آئندہ 24 گھنٹوں میں مکمل شٹ ڈان کا خدشہ

