کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ یہ بات ہم سب کیلئے باعث افتخار ہے کہ آج سے تقریباً بیس برس قبل بیوٹمز یونیورسٹی کے نام سے جس ننھے پودے کو لگایا تھا آج وہی ننھا پودا ایک تناور درخت بن چکا ہے جس کے پھل اور چھاوں سے ہزاروں لوگ مستفید ہوتے جا رہے ہیں، نوجوان کسی بھی ملک کا مستقبل ہیں پاکستان اور بلوچستان کا مستقبل آپ جیسے نوجوانوں سے ہی وابستہ ہے، وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ شیخ اور ان کی پوری ٹیم 19 ویں کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایجنئیرنگ اینڈ منجمنت سائنسز (بیوٹمز) کے 19ویں کانووکیشن کے شرکاء اور منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر وائس چانسلر بیوٹمز یونیورسٹی ڈاکٹر خالد حفیظ، یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن، تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، نگران وزراء ڈاکٹر قادر بخش بلوچ، کیپٹن (ر) زبیر جمالی، پرنس احمد علی، سابق سینیٹر روشن خورشید بروچہ، فیکلٹی ممبرز، والدین اور اسٹوڈنٹس کی ایک بڑی تعداد موجود تھی. بیوٹمز یونیورسٹی کے 19ویں کانووکیشن میں 572 فارغ التحصیل طلباء و طالبات میں گولڈ میڈلز اور اسناد تقسیم کیے گئے. بیوٹمز یونیورسٹی کے 19ویں کانووکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے آئی ٹی یونیورسٹی کے تمام فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو ملک و صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے بروئے کار لائیں گے. انہوں نے کہا کہ زندگی کا اصل مقصد بھی معاشرے کے دوسرے انسانوں کے کام آنا ہے نوجوان اپنی محنت اور تعلیم کے بل بوتے پر ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گورنر بلوچستان نے آخر میں بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے اکامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر وائس چانسلر اوراْن کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔
نوجوان کسی بھی ملک کا مستقبل ہیں پاکستان اور بلوچستان کا مستقبل نوجوانوں سے ہی وابستہ ہے، گورنر بلوچستان

ٹیگز:
گورنر بلوچستان
