گوادر(ڈیلی گرین گوادر) گوادر بندرگاہ پر افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت دوسرا بحری جہاز کامیابی سے لنگر انداز ہو گیا ہے، جو 20 ہزار ٹن ڈی اے پی کھاد لے کر گوادر پہنچا۔ یہ پیش رفت نہ صرف پاک افغان تجارتی روابط کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ہے بلکہ گوادر پورٹ کو خطے میں ایک فعال تجارتی گیٹ وے کے طور پر اجاگر کرتی ہے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے جہاز کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان بحری جہاز کی کامیاب آمد سے گوادر پورٹ پر عالمی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ اب ایک بین الاقوامی تجارتی مرکز بننے کی راہ پر گامزن ہے اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی یہ تسلسل اس کی کامیابی کا ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گوادر کے راستے افغانستان کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی نہ صرف آسان ہو رہی ہے بلکہ اس سے ٹرانزٹ اخراجات میں بھی واضح کمی کی امید ہے۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر پورٹ مکمل طور پر تجارتی سامان کی ترسیل اور سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے یہ بندرگاہ خطے کی تجارت کے مرکز کے طور پر ابھر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ رواں سال فروری کے بعد یہ دوسرا افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا جہاز ہے جو گوادر پہنچا ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کی بحری پالیسیوں نے گوادر کی ترقی اور عالمی سطح پر اس کے کردار کو مثر انداز میں بڑھایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں اور گوادر بندرگاہ اس دوطرفہ تعاون میں مرکزی حیثیت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ تجارتی سرگرمیوں میں بتدریج اضافے کے ساتھ گوادر کی معاشی اہمیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر معاشی مواقع فراہم کرے گا۔
20 ہزار ٹن کھاد لے کر افغان بحری جہاز گوادر بندرگاہ پر لنگر انداز

