کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال 2025-26 کا صوبائی بجٹ 17 جون کو بلوچستان اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جس میں روزگار کی فراہمی اور عوامی فلاح کو مرکزی حیثیت دی جا رہی ہے۔ وزیراعلی سیکریٹریٹ کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت کے جذبے سے بجٹ کی تیاری میں مصروف ہے، تاکہ نوجوانوں کو روزگار، عوام کو سہولیات اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔شاہد رند کا کہنا تھا کہ بجٹ کی تیاری کے دوران اپوزیشن جماعتوں سے بھی مشاورت کی جا رہی ہے تاکہ ایک متوازن اور جامع مالی دستاویز تیار کی جائے جس میں ہر طبقے کی نمائندگی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایسا بجٹ پیش کیا جائے جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے اور ترقی کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچ سکیں۔پریس کانفرنس میں انہوں نے بلوچستان کے لیے ایک اہم سفری منصوبے “پیپلز ٹرین سروس” کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔ ان کے مطابق اس منصوبے کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع کو بہتر، سستی اور باوقار سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی، جو نہ صرف عوامی سہولت کا ذریعہ بنے گا بلکہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کی معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے گا۔شاہد رند نے دہشتگردی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے بعض غیر معمولی فیصلے ناگزیر ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ان تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اور ریاستی رٹ کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موجودہ حکومت عوامی خدمت کو محض دعوے نہیں بلکہ ایک مشن کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے اور حکومت ان مسائل کا دیرپا اور پائیدار حل نکالنے کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی۔
بلوچستان کو مختلف نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ، نمٹنے کیلئےغیر معمولی فیصلے ناگزیر ہیں،شاہد رند

