کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ قندھاری بازار میں صفاء کوئٹہ کے سینیٹیشن ملازمین پر حملہ ناقابل برداشت ہے، قانون شکن عناصر کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا ہے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں حمزہ شفقات نے کہا کہ صفاء کوئٹہ کے محنت کش عملے پر دکانداروں کی جانب سے کئے گئے بزدلانہ اور انسانیت سوز حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں یہ ایک شرمناک، دل دہلا دینے والا واقعہ ہے کہ جن محنت کشوں کا کام شہر کو صاف رکھنا، گندگی سے نالوں کو پاک کرنا اور عوام کی فلاح کے لیے دن رات محنت کرنا ہے، انہی پر ہاتھ اٹھایا گیا نہ صرف ان پر حملہ کیا گیا بلکہ انتظامیہ کو تجاوزات ہٹانے اور نالوں کی صفائی کی جاری مہم کو زبردستی روکنے کی کوشش کی گئی یہ رویہ نہ صرف قانون کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ سماجی طور پر بھی شدید تشویش کا باعث ہے اس افسوسناک واقعے کی فوری اطلاع وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو دی گئی، جنہوں نے واقعے میں ملوث تمام عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرنے جائے اور قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات نے کہا کہ یہ سوچ کہ معاشرے کے کمزور طبقات پر حملے کئے جائیں اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہے، انتہائی خطرناک اور ناقابل قبول ہے کسی کو یہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ ایسے ظالمانہ اور بزدلانہ فعل پر انتظامیہ خاموش رہے گی قانون کی نگاہ میں سب برابر ہیں اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ نہ صرف چند افراد پر حملہ ہے بلکہ یہ شہری نظم، قانون کی بالادستی اور صفائی کے پورے نظام پر حملہ ہے ہمارا عملہ پوری جانفشانی سے کام کر رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر شہری سہولیات میسر آئیں، اور اْن پر حملہ دراصل شہری اور فلاحی خدمت پر حملہ ہے۔کمشنر نے واضح الفاظ میں کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم اور نالوں کی صفائی کا عمل کسی صورت روکا نہیں جائے گا۔ قانون شکن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا کر ایک مثال قائم کی جائے گی۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی اور شہر کی ترقی کے عمل میں حکومت و انتظامیہ کا ساتھ دیں اور ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں جو ذاتی مفاد کی خاطر اجتماعی بہتری کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
قندھاری بازار میں صفاء کوئٹہ کے سینی ٹیشن ملازمین پر حملہ ناقابل برداشت ہے، محمد حمزہ شفقات

ٹیگز:
حمزہ شفقات
