مستونگ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاوہ تیری میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے بدھ کی صبح پولیو ورکرز پر فائرنگ کردی۔ لیویز حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 2 لیویز اہلکار جانبحق ہوئے ہیں جبکہ پولیو ٹیم محفوظ رہی ہے۔ ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ واقع میں جانبحق لیویز اہلکار کی لاشیں قریبی ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔ جہاں ضروری کارروائی کے بعد اہلکاروں کے جسد خاکی ورثہ کے سپرد کر دیے جائیں گے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق واقع میں کوئی پولیو ورکر زخمی نہیں ہوا۔ فائرنگ سے پولیو مہم متاثر ہوئی لیکن پولیو ورکر اس وقت بھی مستونگ سمیت دیگر اضلاع میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان بھر میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم 21 اپریل سے شروع ہے۔ جس میں 26 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

