اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور تمام اسٹیک ہولڈرز ایک صفحہ پر ہیں۔ صوبوں کی مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کاؤنٹر ٹیررازم کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ ایف سی کی تنظیم نو کے بعد اسے نیشنل ریزو پولیس میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور تمام اسٹیک ہولڈرز ایک صفحہ پر ہیں۔ صوبوں کی مشاورت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں وزارت خارجہ کے ذریعے افغان حکومت کے سامنے دہشتگردی کے مسئلے کو مزید موثر طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سینٹرز کے قیام کی منظوری دی جاچکی ہے، صوبوں میں قیام پر کام جاری ہے۔
تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیکریٹریز داخلہ اور آئی جیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دہشتگردوں اور خوارج کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے کا فیصلہ کیا تھا۔

