صوابی(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ8فروری 2024 ایک سال پہلے جس انداز میں زر اور ریاستی زور کی بنیاد پہ بے ایمانی، کرپشن، ایما ن وضمیر خرید کر مینڈیٹ چوری کی گئی اور جعلی حکومت بنائی گئی اس حکومت کیخلاف جہاد جائز ہے۔ اور ہم نے جہاد کرکے اس حکومت کو گرانا ہے اور انہیں گھر بھیجنا ہے۔ پاکستان آسمان سے گری ہوئی کوئی شے نہیں ہے یہ بہادر پشتونوں، بلوچوں، سندھیوں، سرائیکیوں اور پنجابیوں کا وطن ہے یہاں نہ کوئی کسی کا غلام ہے اور نہ کوئی کسی کا آقا۔ تمام قومیں اپنی اپنی تاریخی وطنوں پر آباد ہیں۔ یہ ملک ہماری بدکاریوں، کرپشن، رشوت خوریوں کی وجہ سے ڈوب رہا ہے۔ صبح شام میڈیا اور سرکاری ریڈیو پہ اسلام کا پروپیگنڈہ ہوتا ہے لیکن حال یہ ہے کہ جھوٹی حکومت صبح شام جھوٹ بول رہی ہے اور پھر جمعہ کی نماز میں ان کے لیے جگہ خالی نہیں ہوتی۔ بے ایمان لوگوں کے خلاف ہم نے متحد ہونا ہے۔ عمران خان کی پارٹی بہت بڑی ہے یہی لوگ جو یہاں اس جلسے میں آئے ہیں یہ لوگ اگر منظم ہوں تنظیم کے ذریعے سے آگے بڑھیں میں ایمانداری سے کہتا ہوں یہ جھوٹوں اور بے ایمانوں کی حکومت تین مہینے بھی نہیں چلے گی۔ ان خیالات کا اظہار تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام 8فروری کے فراڈ اور دھاندلی زدہ انتخابات کے خلاف صوابی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کرکے فارم 47کے جعلی حکومت کے خلاف ریفرنڈم ثابت کیا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہاں غلط پروپیگنڈے کیئے جارہے ہیں ہم انسانوں سے محبت کرنے والے لوگ ہیں لیکن یہ جو تماشہ شروع کیا گیا ہے اسے کسی قیمت پر برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے خیبر پشتونخوا کے تمام عوام کو داد دی کہ آپ لوگوں نے عمران خان کا بھرپور ساتھ دیا اور انتہائی سخت حالات میں پیچھے نہیں ہٹے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہاں یہ ڈرامہ چل رہا ہے کہ مسعود، وزیر،داوڑ، یوسفزئی دہشتگرد ہیں ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ ہم دہشتگرد نہیں ہمیں اپنا وطن، اپنی مٹی عزیز ہے، وطن ہماری ماں کی مانند ہے۔ مسعود، وزیر، مروت، یوسفزئی ہم سب کا مادر وطن ہے جو بھی انہیں غلط نگاہ سے دیکھے گاہم وہ آنکھیں نکال لینگے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمارے خلاف ایک طرف یہ پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے کہ ہم دہشتگرد ہیں اور دوسری جانب پاکستان کی پیرا ملٹری فورسز میں ایک لاکھ مروت،وزیر، مسعود، داوڑ، بیٹنی وغیر ہ ہیں۔ اگر پشتون دہشتگرد ہوتے تو پھر فرانس، امریکہ ودیگر سفارت خانوں کے سامنے کیوں پشتون سپاہی حفاظت کے لیے کھڑے ہیں۔ ہمارے وطن مین دنیا جہاں کی بہترین قیمتی ذخائر موجود ہیں جسے دنیا ایک اور ددسرے بہانے سے لوٹنا چاہتی ہے۔ ہم ان پر واضع کردینا چاہتے ہیں کہ یاد رکھیں یہ پشتونخوا وطن ہے جو اب تک موجود ہی سروں کے قربانی کے نتیجے میں ہے یہاں کوئی بھی طالع آزما چاہے وہ سکندر اعظم یونانی ہو چاہے کوئی بھی بڑا ظالم، جابر، آمر ہو ہر کسی نے یہاں اپنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں کیونکہ یہاں کے غیور عوام اپنے خون کے نذرانے پیش کرکے اپنے وطن کی دفاع کو فرض سمجھ رکھا ہے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ عمران خان کی اس تحریک میں پشتونخوامیپ ان کے ساتھ بھائیوں کی طرح کھڑی ہوگی۔ ہم پاکستان کو توڑنا نہیں چاہتے لیکن پاکستان میں آئین کی بالادستی ہوگی،منتخب پارلیمنٹ طاقت کا سرچشمہ ہوگی۔ اللہ تعالی کا حکم ہے جھوٹ نہ بولیں اور پاکستان کے جعلی حکمران کہتے ہیں سچ نہیں کہنا۔ ہم اللہ تعالی کا حکم ہر صورت مانیں گے۔ محمود خان اچکزئی نے جلسہ میں تمام شرکا سے عمران خان کو رہا کرو، جمہوریت زندہ آباد، آئین کی بالادستی زندہ آباد اور انقلاب کے نعرے لگوائے۔
ہم دہشتگرد نہیں ہمیں اپنا وطن،اپنی مٹی عزیز ہے،وطن ہماری ماں کی مانند ہے،محمود خان اچکزئی

ٹیگز:
محمود خان اچکزئی
