لاہور(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت کا قافلہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں لاہور پہنچ گیا۔قافلے کی آمد کے موقع پر شاہدرہ موڑ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی، جہاں پی ٹی آئی رہنما یاسر گیلانی سمیت 4 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔ تاہم بعدازاں یاسر گیلانی کو رہا کردیا گیا۔پولیس نے شاہدرہ موڑ پر کسی کو رکنے کی اجازت نہیں دی، جس کے باعث قافلہ میڈیا سے گفتگو نہ کر سکا۔ یہ قافلہ اب رائے ونڈ روڈ پر واقع آفریدی فارم ہاؤس کی جانب روانہ ہوگا، جہاں پی ٹی آئی رہنماؤں کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا۔ اسی مقام پر پارٹی کی پارلیمانی اسمبلی کمیٹیوں کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں آئندہ احتجاجی حکمت عملی پر مشاورت کی جائےگی۔اس سے قبل کے پی کے ہاؤس میں پی ٹی آئی قیادت کا اجلاس منعقد ہوا، جس کے بعد رہنما اور کارکنان لاہور کے لیے روانہ ہوئے۔
روانگی سے قبل علی امین گنڈا پور نے بیان دیا کہ ان کا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نکلا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ قافلہ غیر قانونی، غیر آئینی، غیر جمہوری اور غیر اخلاقی اقدامات کے خلاف پرامن ردعمل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر جا رہے ہیں۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ یہ احتجاج ہے، تو وہ جان لے کہ یہ محض اظہارِ یکجہتی ہے۔ ہمارا مقصد انتشار نہیں بلکہ جمہوری اقدار کا تحفظ ہے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہاکہ ہر قدم پر امن کی بات کی ہے اور ہر لفظ میں آئین کی پاسداری کا واضح پیغام ہے۔ عوام دیکھ لیں، یہ قافلہ نفرت نہیں بلکہ محبت کا پیغام لے کر نکلا ہے۔
بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پی ٹی آئی کا قافلہ لاہور پہنچ گیا

ٹیگز:
بیرسٹر گوہر
