بدین:پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز یا قائد نواز نواز شریف کو جوابدہ نہیں ہے اور ان کا مؤقف برقرار ہے۔
بدین میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری سے مریم کے حالیہ بیان کے حوالے سے سوال کیا گیا جہاں مسلم لیگ (ن) کی صدر نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی نے شوکاز نوٹس کا جواب نہیں دیا تھا اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سیکریٹری جنرل شاہد خاقان عباسی کی جانب سے دیے گئے بیان کی حمایت کی تھی۔
یاد رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے منگل کے روز بیان میں کہا تھا کہ حزب اختلاف کے اتحاد میں پیپلز پارٹی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے جب تک کہ اس نے اس اعتماد کو بحال نہیں کیا جو انہوں نے توڑا تھا، پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی سے شوکاز نوٹس کے ذریعے جواب طلب کیا تھا جس کے بلاول نے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے تھے، ہم نے جواب طلب کیا تھا، شوکاز نوٹس کے پھٹے ہوئے ٹکڑوں کو جوڑیں، اسے پڑھیں اور ہمیں وہ وضاحت دیں جس کا ہم نے مطالبہ کیا تھا۔
بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اعتراف کیا کہ انہوں نے شوکاز نوٹس پھاڑ دیا ہے اور پی ڈی ایم کے بارے میں ان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مریم یا میاں نواز شریف کو جوابدہ نہیں ہیں، ہم پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو جوابدہ ہیں اور ہمیں لگتا ہے کہ اصل خوشی پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ مل کر سیاست کرنے میں ہے۔
بلاول نے کہا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما اور مسلم لیگ (ن) کے صدر تھے، اس طرح پیپلز پارٹی ان کے مؤقف اور بیانات کو مسلم لیگ (ن) کی باضابطہ پالیسی سمجھتی ہے اور اسی کے مطابق سیاست کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا احترام کرتی ہے اور دونوں جماعتوں کے درمیان اچھے تعلقات اور رابطے تھے لیکن پیپلز پارٹی اپنے نظریے، اصولوں اور احترام کے ساتھ سیاست کرتی ہے اور ہم اپنے مؤقف کو تبدیل نہیں کریں گے۔
انہوں نے جمہوریت کے فروغ، سویلین بالادستی اور وزیر اعظم عمران خان کی اصل میں مخالفت کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن میں شامل ہمارے دوستوں کو پیپلز پارٹی کی مخالفت کرنے کے بجائے حکومت کو نشانہ بنانا چاہیے۔

