اوستہ محمد (ڈیلی گرین گوادر)اوستہ محمد کے بائی پاس بلوچ ہوٹل کے قریب ایک دل دہلا دینے والی واردات پیش آئی، جہاں ایک نا معلوم شخص نے لاڑکانہ کے علاقے ٹھوپ چوسول کے رہائشی سید وزیر شاہ ولد سکندر شاہ کو قتل کر کے ان کی لاش پھینک دی۔پولیس کو اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سعد اللہ جمالی کی قیادت میں پولیس فورس نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش قبضہ میں لے کر اسپتال منتقل کی۔ لاش کی شناخت سید وزیر شاہ کے طور پر کی گئی۔ پولیس نے ورثا کو اطلاع دی، جنہوں نے آ کر اس واقعہ کی تصدیق کی۔ ورثا کا کہنا تھا کہ سید وزیر شاہ حالیہ دنوں میں سید مریدوں کے پاس آئے تھے اور ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ملزمان کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ایس ایچ او سعد اللہ جمالی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش میں مصروف ہے اور جلد ہی قاتلوں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی، اور جب لاش گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔مقتول کے اہل خانہ نے اس افسوسناک واقعے کے بعد انصاف کی درخواست کی اور حکومت سے ملزمان کی جلد گرفتاری کی اپیل کی۔
اوستہ محمد سے ایک شخص کی لاش برآمد

ٹیگز:
اوستہ محمد
