روالپنڈی(ڈیلی گرین گوادر)جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں خارجی دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 16 جوان شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں خارجی دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 16سپوت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 8 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں لانس نائیک لیاقت علی، محمد اسحٰق، حوالدار ایوب خان، حوالدار عمر حیات، سپاہی محبوب رحمٰن، حوالدار محمد حیات، لانس نائیک شیر محمد، سپاہی احسان الحق، سپاہی جنید، لانس نائیک حامد علی، سپاہی کلیم اللہ، حوالدار طاہر محمود، لانس نائیک مصور شاہین، سپاہی فیض محمد،سپاہی طیب علی اور سپاہی جنید شامل ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں ممکنہ خارجی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

