تربت (ڈیلی گرین گوادر)آئی جی ایف سی بلوچستان، میجر جنرل بلال سرفراز نے تربت ڈسٹرکٹ اینڈ ٹیچنگ اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسپتال کے مختلف امور اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے انہیں اسپتال کے تمام امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔تربت ڈسٹرکٹ اینڈ ٹیچنگ اسپتال کیچ ضلع کا سب سے بڑا سرکاری اسپتال ہے اور پورے مکران ڈویژن کے مختلف علاقوں سے مریض یہاں علاج کے لیے آتے ہیں۔ آئی جی ایف سی بلوچستان نے اسپتال کے جدید شعبوں کا دورہ کیا، جن میں نیا آئی سی یو، سی سی یو، آپریشن تھیٹرز، ریڈیالوجی، ایم آر آئی، ایمرجنسی اور او پی ڈی ڈیپارٹمنٹس شامل ہیں۔دورے کے دوران، آئی جی ایف سی نے اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی اور اسپتال کے عملے سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے ڈاکٹروں اور دیگر میڈیکل عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں تربت کا سب سے قیمتی اثاثہ قرار دیا۔اسپتال کے عملے نے سماجی شعبے کی بہتری کے لیے ایف سی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور آئی جی ایف سی کو اسپتال کے امور میں دلچسپی لینے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔آئی جی ایف سی بلوچستان نے اس دورے کے دوران اسپتال کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی اور اس بات پر زور دیا کہ ایف سی بلوچستان ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی رہے گی۔
آئی جی ایف سی بلوچستان سائوتھ کا تربت ڈسٹرکٹ اینڈ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ

