کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کی جامعات کے استاتذہ اور ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف بلوچستان اسمبلی کے باہر احتجا ج،بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کردیا، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزراء سے مذاکرات کے بعد احتجاج موخر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر جامعہ بلوچستان اور بیوٹمز کے استاتذہ اور ملازمین نے جامعات کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف زرغون روڈ پر ریلی نکالی اور بلوچستان اسمبلی کے باہر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر کلیم بڑیچ،بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کے سہیل انور بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی دو بڑی جامعات کے استاتذہ اور ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی کے باعث نان شبینہ کے محتاج ہیں استاتذہ گزشتہ کئی روز سے کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجاً بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے تاہم حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگھ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم دینے والے استاتذہ آج سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجا ج تنخواہوں کی مکمل ادائیگی تک جاری رہے گا۔ بعدازاں صوبائی وزراء راحیلہ حمید خان درانی، میر صادق عمرانی، ارکان اسمبلی خیر جان بلوچ،سید ظفر آغا پر مشتمل مذاکراتی وفد نے استاتذہ کے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کیا اور ان سے مذاکرات کئے۔ وفد کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں جامعات کے ملازمین کی ملاقات کروائی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ملازمین کو یقین دہانی کروائی کہ دو روز بعد بلوچستان کی جامعات کے وائس چانسلران کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں ملازمین کے نمائندے بھی شریک ہونگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت جامعات کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کا مستقل حل نکالنا چاہتی ہے جس کے لئے اجلاس میں اہم فیصلے ہونگے ملازمین اپنا احتجاج موخر کریں۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی یقین دہانی کے بعد اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان اور بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن نے مشترکہ احتجاج موخر کرنے کا اعلان کیا۔
بلوچستان کی جامعات کے اساتذہ اور ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف بلوچستان اسمبلی کے باہراحتجاج

ٹیگز:
بلوچستان کی جامعات
