سبی (ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کے زیر صدارت مون سون بارشوں اور سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علی اصغر مگسی ، چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل میر بجار خان ڈومکی ، اسسٹنٹ کمشنر سبی جار اللہ خان کاکڑ ، اسسٹنٹ کمشنر لہڑی لیاقت علی جتوئی ، ایگزیکٹو انجینیئر ایریگیشن خادم چانڈیو ، اسسٹنٹ انجینیئر ایم ایم ڈی محمد نواز بگٹی ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر عبدالستار لانگو ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر اکبر سولنگی ، چیف افیسر ڈسٹرکٹ کونسل محب اللہ بلوچ ، چیف افیسر میونسپل کمیٹی سیف اللہ سیلاچی ، میڈیکل سپریڈنٹ ڈی ایچ کیو ڈاکٹر گرمکھداس سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ نے کہا کہ 2022 کے سیلاب کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں نقصانات سے بچنے کے لیے تمام ادارے پیشگی اقدامات بروقت مکمل کریں شہروں میں اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لیے بھی تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں دریاؤں کے اطراف سیلاب سے بچاؤ کے لیے حفاظتی بندوں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ حفاظتی انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے انہوں نے کہا کہ ایریگیشن اور ایم ایم ڈی حکام ہیوی مشینری کو ہمہ وقت تیار رکھیں سیلابی صورتحال سے بروقت نمٹنا ہوگا تاکہ عوامی نقصانات کے خدشات سے بچاؤ ممکن ہو انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 72 گھنٹے بہت اہم ہیں قبل ازیں متعلقہ محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنر سبی کو حفاظتی بچاؤ بندات، سڑکوں کی صورتحال اور بندش، صفائی ستھرائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ڈپٹی کمشنر سبی کا کہنا تھا کہ تمام ہسپتالوں میں بھی عملہ 24 گھنٹے الرٹ رہے ادویات کی کمی کسی جگہ پر بھی نہیں ہونی چاہیے انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ بی اینڈ آر جب نئی سڑکیں بنانے کا کوئی منصوبہ پی ایس ڈی پی میں شامل کرتی ہے تو پرانی سڑک کو مکمل طور پر ختم کرنے کا تخمینہ بھی لگا کر منصوبہ شامل کرے انہوں نے کہا سڑک کے اوپر سڑک تعمیر ہونے سے شہر کے تمام گھر اور دفاتر نیچے رہ گئے ہیں جس سے بارشوں کے دوران سکولوں گھروں اور دفاتر میں بارش کا پانی بھر جاتا ہے اسکے علاوہ انہوں نے محکمہ بی اینڈ آر کے حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سڑکیں تعمیر کرنے سے پہلے میونسپل کمیٹی سے این او سی لینا بھی ضروری ہے اور محکمہ پی ایچ ای، سوئی گیس اور دیگر متعلقہ محکموں سے بھی محکمہ روڈز مشاورت کرے تاکہ کسی بھی پانی یا گیس کی لائن بچھانے کے لیے دوبارہ سڑک کو نہ توڑا جائے سڑک کی تعمیر سے پہلے ہی یہ تمام نوعیت کے کام مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے ایمرجنسی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے آپس میں بہتر کوآرڈینیشن سے ہی پیشگی سیلابی صورتحال سے الرٹ رہا جا سکتا ہے تمام افسران اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور ہر وقت تیار رہیں تاکہ کسی بھی قسم کی ایمرجنسی میں پیشگی اقدامات ناگزیر ہوں۔
اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں،ڈپٹی کمشنر سبی

ٹیگز:
ڈپٹی کمشنر سبی
