گوادر (ڈیلی گرین گوادر) یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے یونیورسٹی اکیڈمک کونسل کے چھٹے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس 31 مئی 2024 کو یونیورسٹی کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں معزز فیکلٹی اور انتظامی سربراہان نے شرکت کی اور یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو بڑھانے اور جدید خطوط پر کلیدی تعلیمی پالیسیوں کا اجرا، نصاب کی ترقی، اور اکیڈمک اور اسٹریٹجک اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کونسل کے معزز اراکین کو خوش آمدید کہا اور گذشتہ ڈھائی برسوں میں یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی نمایاں پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ اپنے افتتاحی کلمات میں، ڈاکٹر صابر نے یونیورسٹی کی تعلیمی فضیلت اور تحقیقی اختراع کے عزم پر زور دیا۔اجلاس میں اکیڈمک کونسل کے اراکین، ڈائریکٹر اکیڈمک ڈویژن ایچ ای سی ہدایت اللہ خان، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر جان محمد، ڈین فیکلٹی آف سائنسز ڈاکٹر محب اللہ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، قائمقام ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ، ڈپٹی رجسٹرار عبدالماجد، لیکچرار مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ فدا حسین، لیکچرار کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ میڈم ہیم گل، لیکچرار ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میڈم شہناز نور، ڈائریکٹر QEC ڈاکٹر قمبر فاروق، ڈائریکٹر ORIC محمد ارشاد اور لائبریرین غلام سرور نے شرکت کی اکیڈمک کونسل کے اراکین نے ادارے کی بہتری کے لیے وائس چانسلر کی جانب سے کی جانے والی فعال اور متحرک انتظامی، تعلیمی اور مالی کوششوں کو سراہا۔ تفصیلی غور و خوض کے بعد مختلف اہم فیصلے کئے گئے۔ مختلف مضامین میں نئے کورسز متعارف کرائے گئے اور علمی و تحقیقی منصوبوں کی منظوری، اکیڈمک کونسل کے پانچویں اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق گوادر یونیورسٹی سے سائینس مضامین کے لیے تحقیقی جریدے کی اشاعت کی بھی منظوری دی گئی۔پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کونسل ممبران کی گراں قدر خدمات اور بصیرت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، “آج کی اجلاس میں کیے گئے غور و خوض اور فیصلے ہمارے تعلیمی معیارات میں مسلسل بہتری اور یونیورسٹی کی مجموعی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ہیں۔ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں کامیابی کے لیے ہم اپنے طلبا کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے اور انہیں ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں بطور خاص سی پیک اسٹڈی سنٹر کے تحت مختلف بین الاقوامی اور قومی کانفرنسز، سیمینارز کا انعقاد اور تحقیقی اور تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔قبل ازیں یونیورسٹی کے ڈپٹی رجسٹرارعبدالماجدنے ایجنڈا کے مختلف ائٹم ایوان میں بحث کے لیے پیش کیا۔ ایوان کے اراکین نے وائس چانسلر کو یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کی کوششوں میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔آخر میں وائس چانسلر نے تمام ممبران بالخصوص ایچ ای سی کے ڈائریکٹر اکیڈمک ڈویژن ہدایت اللہ خان کا اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
طلباء کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی

ٹیگز:
گوادر یونیورسٹی
