اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پی ٹی آئی کے رہنما و پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سید علی ظفر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم سیاسی و قومی نوعیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیدال خان نے پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر سید علی ظفر کو خوش آمدید کہا۔سینیٹر سید علی ظفر نے سیدال خان کو بطور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔ملاقات میں ایوان بالا میں پارلیمانی امور سمیت قائمہ کمیٹیوں و دیگرمعاملات بھی زیر غور آئے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ ایوان بالا وفاقی اکائیوں کا نمائندہ ایوان ہے، صوبوں اور وفاق میں رابطوں کو بڑھانے میں کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے کہ سینیٹر سید علی ظفر جیسے زیرک قانون دان ایوان بالا کا حصہ ہیں اور وہ مثبت سوچ کے مالک ہیں، سینیٹ میں انکا کردار لائق تحسین ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹر علی ظفر سے ذاتی تعلق ہے، قانون سازی کے امور میں معاونت کو خوش آمدید کہیں گے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت میاں شہباز شریف کی قیادت میں عوام دوست بجٹ لانے کے لئے کوشاں ہے۔ جمہوریت اور جمہوری رویوں کو فروغ دینا ہی ہمارے مسائل کا حل ہے۔ معاشی مسائل کو تدبر اور مفاہمت سے حل کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ دونوں رہنما ؤں کا کہنا تھا کہ ایوان بالا اہم فورم ہے، مشاورت اور مفاہمت سے معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔ ملاقات میں ایوان بالا میں قانون سازی، آئندہ پیش ہونے والے بجٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے معاونت کاری بڑھانے پر اتفاق کے ساتھ ساتھ ہاؤس کمیٹی کو موثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سینیٹر سید علی ظفر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔
جمہوریت اور جمہوری رویوں کو فروغ دینا ہی ہمارے مسائل کا حل ہے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

ٹیگز:
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ
