کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی اور رہنماؤں نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کیس کے صدارتی ریفرنس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے ثابت ہوگیاہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا جس میں اس وقت اسٹیبلشمنٹ سمیت عدلیہ کے لوگ شامل تھے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کو شہید اور قومی ہیرو قرار دینے کے لئے آج بلوچستان اسمبلی میں قرار داد بھی پیش کی جائیگی،وزیراعلیٰ کی طرح کابینہ کے انتخاب کا فیصلہ بھی اتفاق رائے سے طے کریں گے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نواب ثناء اللہ زہری، میر صادق عمرانی، حاجی علی مدد جتک، صوبائی صدر میر چنگیز جمالی، جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے جمعرات کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو صدارتی ریفرنس کیس میں آنے والے فیصلے سے ثابت ہوگیا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا ہم روز اول سے جئے بھٹو اور بھٹو زندہ ہے کا نعرہ لگاتے ہوئے آئے ہیں اور جن لوگوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کیا وہ قابل نفرت ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق جج جسٹس نسیم حسن شاہ کے انٹر ویو کے بعد یہ بات عیاں ہوچکی ہے کہ کس کے دباؤ میں آکر عدالتوں نے یہ فیصلے کئے اس وقت کی اسٹیبلمشنٹ اور رجیم ذوالفقار علی بھٹو کی شہاد ت میں ملوث تھے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیراعلیٰ کے نام پر متفق ہوگئے تھے کابینہ کے حوالے سے بھی فیصلہ اتفاق رائے کیا جائے گا پارٹی قیادت نے وزیراعلیٰ کے لئے جس نام کا فیصلہ کیا ہم نے اسے بھی من و عن تسلیم کیا تھا ہم جلد ہی اسلام آباد جائیں گے جہاں کابینہ کے حوالے سے اتحادیوں اور اپنی جماعت سے معاملات طے کر لئے جائیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی میر صادق عمرانی نے کہا کہ 1970کے بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی، عوام کو ووٹ کا حق دلوایا اس کے بعد سامرجی اور رجت پسند قوتوں نے سازش کی اور 5جولائی 1977کو جھوٹے قتل کے مقدمے میں انہیں گرفتار کر کے شہید کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے آئین کی بالا دستی کے لئے آواز بلند کی، اذیتیں جھیلیں برداشت کیں جو تحریک کارکنوں نے شروع کی آج 45سال بعد آصف علی زرداری اور چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بھیجے گئے صداتی ریفرنس کی صورت میں وہ کامیا ب ہوئی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بے گناہی ثابت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بحالی، ایٹمی قوت بنانے کی بناء پر ذوالفقار علی بھٹو کو قتل کیا گیا سپریم کورٹ کا فیصلہ ہماری تاریخی فتح ہے شہیدذوالفقار علی بھٹو قومی ہیروہیں اور انہیں شہید قرار دیا جائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز جمالی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 45سال بعد قرار دیا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا فیئر ٹرائل نہیں ہوا عدالتوں سے نا انصافیاں ہوئی ہیں ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم کو پھانسی دی گئی شہیدذوالفقار علی بھٹو کو قومی ہیرو قرار دینے کے لئے آج اسمبلی میں ارکان قرار داد بھی پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عید تک کابینہ سمیت دیگر معاملات مکمل کر لئے جائیں گے۔
شہیدذوالفقار علی بھٹو کو قومی ہیرو قرار دینے کل بلوچستان اسمبلی میں قرار داد پیش کریں گے،نواب زہری

ٹیگز:
نواب زہری
