کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ونومنتخب رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑنے کہا ہے کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے سب کو مل بیٹھنا ہوگا۔ اس وقت تمام جماعتوں کو چاہیے کہ وطن عزیز کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان دھاندلی کا الزام تو لگا رہے ہیں مگر دوسری جانب صوبہ بلوچستان میں ان کی جماعت پر دھاندلی کا الزام لگا کر احتجاج کیا جا رہا ہے۔ ژوب کے ایک حلقے میں پہلے خوشحال کاکڑ کامیاب ہوئے اور بعد ازاں نہ جانے کیسے نتیجہ تبدیل ہوا اور جمعیت علما اسلام کے امیدوار کو کامیابی مل گئی۔انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ پیشن، چمن، چاغی اور دیگر اضلاع میں بھی دھاندلی کے خلاف جو احتجاج ہو رہا ہے وہ جمعیت علما اسلام ف کے خلاف ہو رہا ہے۔ یہ تاثر غلط ہے کہ مسلم لیگ ن کو دھاندلی کر کے جتوایا گیا ہم نے تو صوبے میں اپنی 4 سے 5 نشستیں گنوا دی ہیں۔ اس وقت تمام جماعتوں کو مل کر ملک کو دلدل سے نکالنے کی ضرورت ہے۔جمال شاہ نے کہاکہ حالیہ انتخابات میں ایک عجیب بات یہ ہوئی ہے کہ جو پارٹی جس نشست پر کامیاب ہوئی وہاں جشن منا رہی ہے جبکہ ہاری ہوئی نشست کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ میں کہتا ہوں جو ہوا سو ہوا، اب پاکستان کی بات کریں اور مسائل کے حل کے لیے مل بیٹھیں۔ انشااللہ جب حکومت بنے گی تو ملک کے حالات بہتر ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں جمال شاہ نے کہاکہ اتحادی جماعتوں کے درمیان یہ فیصلہ ہو چکا ہے کہ حکومت مل کر بنائیں گے۔ فارمولا یہ ہے کہ جس صوبے میں جس جماعت کی اکثریت ہوگی وہی حکومت بنائے گی۔ وفاق اور پنجاب میں ن لیگ کی اکثریت ہے تو وہاں ن لیگ حکومت بنائے گی۔ سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی جبکہ بلوچستان میں صورتحال یہ ہے کہ پیپلز پارٹی 11 اور ہم 10 نشستیں جیتے ہیں۔ اگر ہمارے ساتھ 4 سے 5 آزاد امیدوار شامل ہو جاتے ہیں تو ہم صوبے میں سب سے بڑی جماعت بن جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ آزاد امیدواروں سے رابطے میں ہیں۔ 2 سے 3 روز میں فیصلہ سامنے آجائے گا تو ہم لیڈنگ پارٹی ہوں گے اور پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ حکومت بنائے گی۔ایک سوال کے جواب میں جمال شاہ نے کہا کہ وزیراعلی کا نام فائنل کرنا میاں نواز شریف کا مینڈیٹ ہے اور اس کا فیصلہ وہی کریں گے جو سب کو قبول ہوگا۔انہوں نے کہاکہ 5 سال قبل جب پارٹی پر مشکل وقت تھا تو ہم نے صوبے میں ریلیاں نکالیں، اس کے علاوہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاج میں بھی ہم شریک رہے جس وجہ سے مہنگائی سے تنگ عوام نے حالیہ الیکشن میں ہمیں ووٹ دیا۔جمال شاہ نے کہاکہ میری کامیابی کی وجہ عوام کی نواز شریف سے محبت ہے، بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے عوام کو مسلم لیگ ن کا دور یاد آ رہا تھا۔ پاکستان کے عوام نواز شریف کو ہی نجات دہندہ سمجھتے ہیں، تبھی ہمیں چنا گیا۔
جو ہوا سو ہوا، اب پاکستان کی بات کرنی چاہیے،عوام مسلم لیگ ن کو نجات دہندہ سمجھتے ہیں، جمال شاہ کاکڑ

ٹیگز:
جمال شاہ کاکڑ
