کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان گرینڈ الائنس کے سربراہ و قومی اسمبلی کے حلقے این اے 263 سے امیدوار نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ پی ایس ڈی پی کی سیاست نے صوبے اور ملک کی ترقی ڈبو دی، پی ایس ڈی پی کے نام پر جعلی سیاست کے ذریعے وسائل ہڑپ کرنے کے سلسلے کو روکنا ہوگا، ملک کو حقیقی سیاسی نظام کی ضرورت ہے، پارلیمنٹ میں بلوچستان کے مسائل، بے روزگاری، وسائل کی لوٹ مار کا راستہ روکنے کیلئے ڈائیلاگ کا آغاز ہونا چاہیے اوریہ ڈائیلاگ عوام کے ووٹ کے ذریعے کریں گے،کوئٹہ شہر اور صوبے کے عوام 8 فروری کو اپنے ووٹ سے سیاسی عمل کو تقویت دیں گے۔یہ بات انہوں نے کلی دیبہ میں منعقدہ انتخابی اجتماع، پی بی 41 کے سینئر کارکنوں کے اجلاس سے خطاب، کوئٹہ شہر کے مختلف وفود اور اقلیتی برادری کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، اجتماع سے حلقہ پی بی 43 سے بلوچستان گرینڈ الائنس کے امیدوار حاجی محمد اسماعیل گجر نے بھی خطاب کیا۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ پارلیمنٹ وفاق اور صوبے میں رابطے کا ذریعہ ہے، پارلیمنٹ میں قومی اکائیوں کیلئے پالیسیاں تشکیل دی جاتی ہیں وہاں آئین و قانون سازی ہوتی ہے نالیاں نہیں بنائی جاتیں، آج جس فلسطین کیلئے ہمارے دل جل رہے ہیں اگر قومی اسمبلی نہیں سینیٹ تو موجود ہے مگر فلسطین سے متعلق کوئی بات نہیں ہورہی کیوں کہ وہاں عوام کے نمائندے نہیں، ایسے میں کہاں ہیں اسلامی ممالک کے وہ بادشاہ جو ڈیڑھ ارب روپے کی گھڑی پہن کر اربوں روپے کے باز خریدتے ہیں اس کے برعکس عوام کی طاقت سے بننے والی ساؤتھ افریقہ کی نظریاتی حکومت نے عالمی عدالت انصاف میں فلسطین کے عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے مقدمہ جیتا اس کا مطلب یہ ہے کہ جہاں عوام کی طاقت سے پارلیمنٹ تشکیل دی جاتی ہے وہاں پارلیمنٹ عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتی ہے پارلیمنٹ میں ایک بد دیانت حکومت سے ایک دیانتدار اپوزیشن زیادہ مثبت کردار ادا کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈپی کو کچھ لوگوں نے کاروبار بنالیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کا ہر فرد نادانستہ ڈھائی لاکھ روپے مقروض ہے ارکان پارلیمنٹ کو چاہیے کہ اپنی مراعات میں 50 فیصد کمی کریں تاکہ ہم قرضے کے بوجھ سے باہر نکل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارئے ساتھیوں کی یہ جدوجہد ہے کہ صوبے میں ایک سیاسی عمل کا اآغاز کرکے وفاق اور صوبے کے درمیان ایک ڈائیلاگ کا آغاز کریں تاکہ صوبے اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں اپنا کرادر ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات قریب آتے ہی اب لوگ ووٹر کے روازے پر دستک دے رہے ہیں اور وہ باتیں کررہے ہیں جو ناممکن اور پارلیمانی آداب کے خلاف ہیں کیوں کہ ایسی باتیں کرنے والوں نے کرسی تک پہنچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹ کے ذریعے ایوان میں آزاد حیثیت سے جاکر بہتر طریقے سے صوبے اور کوئٹہ شہر کی نمائندگی کرسکیں گے۔
بلوچستان کےوسائل کی لوٹ مار کا راستہ روکنے کیلئے ڈائیلاگ کا آغاز ہونا چاہیے، نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

