کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے وکلاء تنظیموں نے ملٹری کورٹس میں سویلینز کی ٹرائلز کے خلاف 18دسمبر بروز پیر کوبلوچستان بھر میں عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سویلینز کی فوجی عدالتوں میں ٹرائلز کافیصلہ بنیادی انسانی حقوق اور آئین کے آرٹیکل A-10سے متصادم ہیں تمام اداروں کے سربراہان کو چاہیے کہ وہ اپنے اداروں میں احتساب کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے اپنا اثاثہ جات ظاہر کریں تاکہ عوام کا اداروں پر اعتماد بحال ہو،وکلاء تحریک کے تحت ملک بھر کے وکلاء نمائندگان سے رابطے کئے جائیں گے اور وکلاء کانفرنس مشاورت سے بلایاجائے گاجس کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلایاجائے گا۔ان خیالات کااظہار بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد افضل حریفال ایڈووکیٹ نے پاکستان بار کونسل کے ممبر منیر احمد خان کاکڑ بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین امان اللہ کاکڑ،کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عابد کاکڑسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر نصیب اللہ کاسی،ممبر بلوچستان بار کونسل راحب بلیدی ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری کوئٹہ بار ایسوسی ایشن چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ نائب صدر بلوچستان بار ایسوسی ایشن شمس الرحمن رند ایڈووکیٹ ودیگر کے ہمراہ ہائی کورٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جمعہ کے روز آل بلوچستان وکلا نمائندگان کا مشترکہ اجلاس بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر محمد افضل حریفال ایڈووکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلوچستان بار کونسل کے عہدیداران،پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار، ہائی کورٹ و کوئٹہ بار کے عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں سپریم کورٹ کی جانب سے سویلینز کی فوجی عدالتوں میں ٹرائلز کے 5 ایک کے تناسب سے فیصلے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کو بنیادی انسانی حقوق اور آئین کے آرٹیکل A-10سے متصادم قرار دیا۔ بلوچستان کے وکلا تنظیموں نے ملک بھر کے وکلا کیساتھ ملکر اس کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں تمام وکلا نمائندگان سے رابطے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں ملک بھر سے سیاسی کارکنوں، وکلا کی گرفتاری، مسنگ پرسنز کے مسائل،چمن دھرنے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنے اور چمن دھرنے کی حمایت کی گئی۔ اجلاس میں مطالبہ کیا کہ حکومت وقت مسنگ پرسنز اور چمن دھرنے کا پر امن پائیدار حل تلاش کریں۔ کسی کے اوپر جبر،تشدد،ماورائے آئین اقدام کی ہر فورم میں مخالفت کریں گے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اس وقت ملک سیاسی،معاشی، معاشرتی مسائل،کرپشن اقربا پروری کا شکار ہے اداروں سے عوام کا اعتماد اٹھ رہا ہے ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے ملک کی سالمیت کیلئے ضروری ہے کہ تمام ادارے اپنے آئینی حدود میں کام کریں کرپشن کے خاتمے کیلئے ملک میں میرٹ کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں مطالبہ کیا کہ ججز،جرنلز اور بیوروکریٹس کا احتساب کیا جائے اور تمام اداروں کے سربراہان کو چاہیے کہ وہ اپنے اداروں میں احتساب کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے اپنا اثاثہ جات ظاہر کریں تاکہ عوام کا اداروں پر اعتماد بحال ہو۔محمدافضل حریفال ایڈووکیٹ نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ کیخلاف سویلین کا فوجی عدالتوں میں ٹرائلز کے خلاف بلوچستان بھر میں پیر 18 دسمبر کو عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور ملک گیر وکلا نمائندگان سے رابطے کرکے وکلا نمائندگان کا مشترکہ کانفرنس طلب کی جائے گی۔ملک بھر کے وکلا نمائندگان کی مشاورت سے ملک بھر کے مجموعی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کی جائے گی۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ ملک کے اندر صاف وشفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے اور تمام سیاسی پارٹیوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔
سویلینز کی فوجی عدالتوں میں ٹرائلز بنیادی انسانی حقوق اور آئین کے آرٹیکل A-10سے متصادم ہیں،وکلاء تنظیمیں

ٹیگز:
وکلاء تنظیمیں
